خیبر پختونخوا اسمبلی میں نئی تاریخ رقم، 67نئے چہرے ایوان میں داخل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں 27 اراکین دوسری جبکہ 17تیسری بار منتخب ہو کر آئے ہیں تاہم ایوان میں 67 نئے چہروں نے پہلی بار انتخاب جیت کر داخل ہوتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی کل نشستیں 114 ہیں جہاں 47 پرانے پارلیمنٹیرینز اپنی اپنی نشستوں پر دوبارہ براجمان ہوچکے ہیں، یوں عوام نے 47 اراکین کی پرانی کارکردگی پر اعتماد کی مہر ثبت کردی۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کی اکثریت پر مشتمل کے پی کے اسمبلی میں 67 نئے چہرے شامل ہیں جنہیں اس سے قبل قانون سازی اور اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی تجربہ نہیں جو صوبے کی تقدیر لکھیں گے۔

نئے چہروں کا تعلق سنی اتحاد کونسل، جے یو آئی (ف)، ن لیگ اور پی پی پی سے ہے۔ اب تک الیکشن کمیشن نے 145اراکین میں سے 114 کے انتخاب کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ سب سے زیادہ اراکین کا تعلق پشاور سے ہے۔

دوسری جانب جہاں خیبر پختونخوا کے 114 اراکین میں سے 27دوسری جبکہ 17تیسری بار منتخب ہوئے ہیں، وہاں چارسدہ کے فضل شکور خان اور ایبٹ آباد کے مشتاق گنی چوتھی بار خیبر پختونخوا اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں۔

دلچسپ طور پر جمعیت علمائے اسلام کے اکرم خان درانی کو ایوان کے سینئر ترین رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو پی کے 102بنوں سے چھٹی بار خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن کا الیکشن جیت کر ایوانِ اقتدار تک پہنچ گئے ہیں۔

Related Posts