کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ: سمندری خوراک کی سوغات کا ‘لذیذ’ میلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

موسم کے ساتھ جس طرح لباس تبدیل ہوتے ہیں، ایسے ہی موسم کے ساتھ ہی کھانے کھابے بھی تبدیلی کے عمل سے گزرتے ہیں۔ گرمیاں آتی ہیں  سادہ غذائیں کھائی جاتی ہیں، بلکہ کوشش کی جاتی ہے کہ کھایا ہی نہ جائے، کیونکہ شدید گرمی میں کھانوں کا موڈ ہی کہاں ہوتا ہے، جبکہ سردیاں آتے ہی گرم لباس کے ساتھ کھانوں کھابوں کی بھی گویا بہار آجاتی ہے۔

مختلف خطوں اور علاقوں میں گرمی اور سردی کی مناسبت اور رعایت سے مختلف کھانے رائج ہوتے ہیں، کراچی پاکستان کا ایک ساحلی شہر ہے، بات سردیوں کی ہے تو کراچی میں سردیاں گو استاد غالب کے اس مصرع “ہر چند کہیں کہ ہے، نہیں ہے” کی طرح بس نام کی ہی ہوتی ہیں، مگر سوغات کیلئے سردیاں لازمی ہونا کس نے لازم کیا ہے بھئی؟

کراچی میں سردیاں نہیں ہوتی ہیں، نہ ہوں ہماری بلا سے، مگر جناب سردیوں کی سوغات کیلئے تو بس نام سردی ہونا ہی کافی ہے، چنانچہ آپ کو سردی لگ رہی ہو یا نہیں، آپ کراچی میں ہیں اور موسم سردیوں کا ہو تو آپ بدلے ہوئے کھانے کھابوں سے یہ محسوس کرکے ہی رہیں گے کہ جاڑا دھوم مچاتا آیا۔

کراچی میں سردیوں میں بہت کچھ خاص کھانے کا خاص رواج ہے، ہم ایک ہی سانس میں سب نہیں بتائیں گے، اس لیے آج کیلئے صرف ایک خاص سردیوں کی ڈش کھلانے کو آپ لے چلیں گے ساحل سمندر پر کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ۔

کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کراچی میں سردیوں کی خاص سی فوڈ ڈشز کا یوں سمجھئے کہ رنگا رنگ میلہ ہے، جہاں آپ کو سی فوڈز کے تمام آئٹمز بہت ہی دلکش پیش کش کے ساتھ ملتے ہیں۔

سی فوڈز میں پہلا نمبر ہے مچھلی کا، فش فرائی تو سبھی اور ہر جگہ کھائی پکائی جاتی ہے اور یہ کوئی انوکھی ڈش نہیں، تاہم کیماڑی سی فوڈز اسٹریٹ پر آپ کو مچھلی کی نہ صرف فرائی کی کئی قسمیں ملیں گی بلکہ مچھلی کی کئی یونیک ڈشز کی اشتہا انگیز خوشبوؤں کی لپٹیں بھی دور دور سے آپ کا دامن معدہ اپنی طرف کھینچتی چلی جاتی ہیں۔

یہاں آپ کو فش کڑاہی، فش کٹاکٹ کی ڈشز بھی ملتی ہیں اور ساتھ ہی جھینگے کی بہت ہی شاندار کڑاہی بھی۔ سمندر کے پہلو میں کھلی فضا کی بانہوں میں جھولتے ہوئے سی فوڈز کے کئی آئٹمز سے دو دو ہاتھ کرنے کے بعد آخر میں کچھ مائع معدے میں اتارنے کو جی چاہے تو آپ کیلئے حاضر ہے یہاں کا بہت ہی خاص الخاص کیکڑا سوپ، جی ہاں کیکڑے کا سوپ کیماڑی فوڈ اسٹریٹ میں چند ہی سالوں سے چل رہا ہے اور بہت ہی پسند کیا جا رہا ہے۔ 

کراچی کی سردیوں کی زندگی بہت ہی مختصر ہوتی ہے، اس مختصر وقت میں کچھ لمحے نکال کر کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کا وزٹ سردیوں کا یہ مختصر دورانیہ آپ کیلئے خوش کن بنا سکتا ہے۔

Related Posts