کراچی نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، اسے صاف کریں۔ اراکین قومی اسمبلی کو وزیر اعظم کی ہدایت

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم عمران خان
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اراکین اسمبلی کو میدانِ عمل میں آنے کی ہدایت

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کو ایک اہم اجلاس کے دوران ہدایت کی ہے کہ شہر کراچی نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، اسے صاف کرنے کے لیے میدان عمل میں آئیں۔

 اجلاس میں بہت سے دیگر اہم فیصلوں کے ساتھ ساتھ کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی کو شہر میں صفائی کے لیے مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی جس کے تحت شروع میں اڑتیس چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی اور بڑی شاہراہوں سے کوڑاکرکٹ دور کیا جائے گا۔

مہم کے لیے نجی اداروں کی طرف سے مالی تعاون حاصل کیا جائے گاجبکہ ایف ڈبلیو او کی طرف سے لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

دو ہفتے تک جاری رہنے والی کراچی صفائی مہم کے دورانیے میں توسیع بھی ممکن ہے۔ دورانیے میں توسیع کا فیصلہ شہر کی صفائی مہم میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی کی طرف سے کراچی میں صفائی مہم شروع کرنے کے اعلان کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات نے صفائی مہم میں مدد دینے کا وعدہ کیا ہے جن میں گلوکار وفلمسٹار علی ظفر اور کرکٹر وہاب ریاض بھی شامل ہیں۔

Related Posts