پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد مشنز کے دوران خدمات پیش کرنے والے فوجی جوانوں اور خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان 30 ستمبر 1947ء کے روز عالمی ادارے اقوامِ متحدہ کا رکن بنا جس کا مقصد عالمی برادری سے اپنے تعلقات کو بہتر بنانا اور عالمی مسائل کے حل کیلئے دیگر اقوام سے دو طرفہ معاونت تھا۔ پاکستان نے امن مشنز کیلئے 1960ء میں پہلی بار اپنی خدمات پیش کیں۔

کانگو میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا پہلا دستہ 60ء کی دہائی کے آغاز میں تعینات کیا گیا۔ گزشتہ 60 برسوں سے پاک فوج کی امن مشن میں خدمات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ عالمی رہنماؤں اور اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی امن فوج کی کارکردگی کا بارہا اعتراف کیا۔

دُنیا بھر کے 2 درجن سے زائد ممالک میں پاک فوج کے ہزاروں جوان اور خواتین ، افسران اور اہلکار 46 امن مشنز کا حصہ بنے اور قیامِ امن کیلئے جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ امن مشنز کے دوران پاک فوج کی کارکردگی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

رواں برس عالمی دن کے موقعے پر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ ہم دُنیا بھر کے ان 4 ہزار سے زائد فوجی جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک ہی جھنڈے تلے 1948ء سے لے کر اب تک 73 برسوں کے طویل عرصے میں امن مشنز کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔

عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں اقوامِ متحدہ نے کہا کہ رواں برس کورونا وائرس کے باعث امن مشن میں خدمات سرانجام دینا اور بھی مشکل ہوچکا ہے کیونکہ فوج کو اپنے ملک کے اندر اور سرحدوں پر بھی عوام کی حفاظت کے فرائض سرانجام دینا ہوتے ہیں۔

بین الاقوامی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اقوامِ متحدہ نے کہا کہ پہلی بار امن مشن کا آغاز 29 مئی 1948ء کے روز ہوا جب سیکیورٹی کونسل نے قلیل تعداد میں عسکری مبصرین کو مشرقِ وسطیٰ میں تعینات کیا تاکہ عرب ہمسایوں اور اسرائیل کے مابین معاہدہ ممکن ہوسکے۔

اس وقت سے لے کر اب تک اقوامِ منتحدہ کے امن مشنز کے تحت 10 لاکھ جوانوں اور خواتین نے 72 آپریشنز کیے جس سے لاکھوں افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اور بے شمار زندگیوں کی معاونت ممکن ہوئی۔ آج اقوامِ متحدہ میں 89 ہزار سے زائد اہلکار شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: نیو یارک ٹائمز،اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینی بچوں کی تصاویر شائع

Related Posts