فردِ جرم ایک بار پھر عائد، عمران خان کے دانتوں کا چیک اپ نہ ہوسکا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ پر 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ایک بار پھر فردِ جرم عائد کردی تاہم دورانِ سماعت یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ سابق وزیراعظم کے دانتوں کا چیک اَپ نہیں ہوسکا۔ 

تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف 190ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید نے اڈیالہ جیل میں کی۔ اس دوران سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود رہے اور دونوں کو فردِ جرم پڑھ کر سنائی گئی، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو جرم کا سزاوار ٹھہرایا جارہا ہے۔ آپ مجرم ہیں یا نہیں؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چارج شیٹ پڑھ کر کیا کروں گا؟ مجھے علم ہے، اس میں کیا لکھا ہوگا۔ فردِ جرم پڑھ کر سنائے جانے پر دونوں ملزمان بشریٰ بی بی اور عمران خان نے صحتِ جرم سے واضح طور پر انکار کردیا۔

سماعت کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کیس میں تاخیر کے خواہاں نہیں ہیں۔ 8فروری سے قبل نیب کو جلدی تھی، اب ہم جلدی سزا چاہتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان، آپ کے دانتوں کا چیک ہوا یا نہیں؟

سابق وزیرا عظم عمران خان نے بتایا کہ دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوسکا۔ جیل انتظامیہ نے وعدہ کیا تھا کہ اتوار کوڈاکٹر آئے گا، اب انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ ڈاکٹر اگلے اتوار کے روز آئے گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

کیس کی سماعت آئندہ ماہ 6مارچ تک ملتوی کی گئی ہے۔ کیس کے 58گواہوں میں سے 5 کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ عدالت نے عمران خان کے چیک اپ کیلئے ڈاکٹر کی فراہمی کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلاء نے عدالت میں پیش ہو کر سابق وزیراعظم کے حق میں دلائل دئیے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے نیب کی جانب سے عمران خان کے خلاف دلائل دئیے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف ہفتے کے روز پی ٹی آئی کی جانب سے پر امن احتججاج کی کال دی گئی ہے۔ حماد اظہر کا کہنا ہے کہ فارم 47 میں جعلسازی کی پیداوار جعلی حکومت عوام کے ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈال سکے گی۔

Related Posts