ہمیں صرف ایک وزارت دی جارہی ہے۔گورنر سندھ کی آڈیو لیک

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

گزشتہ روز ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کی آڈیو لیک منظرِ عام پر آنے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی مبینہ آڈیو لیک بھی سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیک آڈیو کو گورنر ہاؤس کے واٹس ایپ گروپ پر شیئر کیا گیا اور کچھ ہی دیر بعد یہ آڈیو ڈیلیٹ کردی گئی۔ آڈیو لیک میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو یہ شکوہ کرتے سنا جاسکتا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سے حکومت میں شمولیت کے بدلے صرف 1وزارت کا وعدہ ہوا۔

آڈیو لیک میں گورنر سندھ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ایم کیو ایم پہلے پی ٹی آئی (تحریکِ انصاف) کے ساتھ تھی، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں تھے۔ ہمارا ووٹر پی ڈی ایم (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہماری جماعت سے  ناراض ہوگیا ہے۔

گورنر سندھ کا مبینہ آڈیو لیک میں کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کو حکومت میں شمولیت کے بدلے صرف ایک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت پیش کی جارہی ہے۔مینڈیٹ کا جو بھی حشر ہوا، اس کی وجہ آپ لوگ ہیں۔ وہ گورنر سندھ بھی اپنا لا رہے ہیں۔

آڈیو لیک میں گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ ہم تو پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں بیٹھے تھے، آپ اپوزیشن میں تھے اور جیل میں جانے والے تھے۔ آپ کا ساتھ دینے پر ہمارا ووٹ بینک مسلسل خراب ہوتا رہا۔ ہمارے ووٹ کا فائدہ آپ کو ہوا۔ ایک وزیرِ خارجہ اور دوسرا وزیراعظم بن گیا۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ آج ہم 17سیٹیں لے کر آئے تو ہمارے ساتھ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ اگر ہمیں ایسا مینڈیٹ ملا ہے تو دیگر کو بھی ایسا ہی ملا۔ فیصلہ رابطہ کمیٹی نے کرنا ہے کہ ان کا کتنا پریشر برداشت کرنا ہے۔ دونوں پارٹیاں (ن لیگ اور پی پی پی) ملی ہیں اور ان کے نمبرز پورے ہوگئے ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں کچھ ملے گا بھی نہیں اور اگر حکومت میں گئے تو حشر اور بھی برا ہونے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آڈیو لیک متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رابطہ کمیٹی اجلاس کی ہے جس کے دوران گورنر سندھ نے مبینہ طور پر گفتگو کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے اپنی لیک کی گئی آڈیو کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میری ہی آڈیو ہے جس میں رابطہ کمیٹی اراکین کو میں نے یہ بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے اور پیپلز پارٹی کے دوستوں نے یہ بتایا، اس میں خبر کوئی نہیں ہے۔

Related Posts