آزاد کشمیر میں زلزلے کے باعث کل 450 گھر متاثر ہوئے۔چیئرمین این ڈی ایم اے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Chairman NDMA Addresses press conference in Islamabad

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ زلزلے کے باعث کل 450 گھر متاثر ہوئے، میرپور میں 24 جبکہ جہلم میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاک آرمی کی 20 مشینیں سڑک کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں واقع جاتلاں کا علاقہ گزشتہ روز کے زلزلے میں سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ زلزلے کے باعث جاتلاں کے 135 گھر بری طرح متاثر ہوئے اور علاقے کی تقریباً 14 کلومیٹر کی سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ اور بڑے بڑے شگافوں سمیت مختلف مسائل کا شکار ہوئی جس پر سی این ڈی ڈبلیو کی 16مشینیں کام کر رہی ہیں۔آج شام تک سڑک ہلکی پھلکی ٹریفک کے لیے قابل استعمال بنا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جج ویڈیو اسکینڈل، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 2ہفتوں کی مہلت دے دی

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ساتھ دیگر ریسکیو ادارے اور طبی عملے سمیت تمام متعلقہ ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیاء شام تک متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی جائیں گی۔

متاثرہ افراد کی مالی امداد کے حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ امدادی اشیا کی ضرورت پڑی تو ہم موبائل نمبر فراہم کریں گے جس کے ذریعے تمام ہم وطن اپنے زلزلے سے متاثرہ بھائی بہنوں کی مدد کرسکیں گے۔ متاثرین کو ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں اور غیر ملکی سفیروں سے کہہ دیا گیا ہے کہ فی الحال امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ تمام امداد کرنے والے ادارے اور پاک فوج ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں، جلد حالات پر قابو پا لیں گے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیرمیں زلزلے کے آفٹر شاکس جاری ہیں جس کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہوچکی ہے جبکہ 452 افراد زخمی ہوئے۔ زلزلے کے مزید جھٹکے محسوس ہونے پر آج ایک بار پھر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

گزشتہ روز زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کی خبر سے خوفزدہ افراد نے سڑکوں کے کنارے گرین بیلٹ پر رات گزاری جبکہ خواتین اور بچے مقامی پارکس میں پوری رات جاگتے رہے۔زلزلے کے باعث جاتلاں روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ اور لمبے شگافوں کے باعث ناقابل استعمال ہوچکی ہے جبکہ متعدد بل زمیں بوس ہو گئے ہیں اور منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹر شاکس کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہو گئی، 452 زخمی

Related Posts