کراچی کے دینی مدرسے کی جانب سے مسیحی برادری میں راشن تقسیم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے معروف دینی مدرسے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے تحت کراچی کی مسیحی برادری میں راشن تقسیم کیا گیا۔

راشن تقسیم کی تقریب جامعہ بنوریہ سائٹ ایریا میں ہوئی، جس میں شہر بھر سے ڈیڑھ سو سے زائد غریب مسیحی افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علمائے کرام اور مسیحی مذہبی رہنما بھی موجود تھے۔

تقریب سے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم اور چیئرمین فاؤنڈیش برہان اور چیئرمین بشپ کونسل پاکستان نے خطاب کیا۔
مولانا نعمان نعیم نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں بسنے والے جتنے بھی لوگ ہیں پاکستان کو مستحکم و مضبوط تب ہی کرسکتے ہیں جب ایک دوسرے کے قریب آئیں اور باہمی اتحاد کو فروغ دیں۔

نعیم فاؤنڈیشن برطانیہ اور جامعہ بنوریہ کی جانب سے مسیحی برادری میں راشن کی تقسیم کا یہ اقدام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا پیغام ہے، اسلام غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک اور اچھے برتاؤ کا حکم دیتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین بشپ کونسل آف پاکستان خادم بھٹو نے کہاکہ دنیا میں جتنے بھی مذاہب ہیں پیار محبت اور انسانیت کا درس دیتے ہیں، ہم جامعہ بنوریہ اور نعیم فاؤنڈیشن کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کا عظیم مظاہرہ کیا اور بغیر کسی نمود و نمائش کے ہماری برادری کے غرباء میں راشن تقسیم کیا۔
نعیم فاؤنڈیشن کے چیئر مین برہان احمد نے کہاکہ نعیم فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد مفتی محمد نعیم کے مشن کو آگے بڑھانا اور بے لوث انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ آج مسیحی کمیونٹی میں راشن کی تقسیم اسی کا تسلسل ہے۔
اس موقع پر پاسٹر سر فراز ولیم، چیئرمین گاواہی ٹیلی ویژن، پاسٹر یوسف یوحنا اسمبلیز آف گوڈ چرچ، پاسٹر یعقوب یوحنا  چیئرمین گلوری ٹو گلوری چرچ منسٹریز، پاسٹر شموں جیمز، متحدہ پريسبيٹيرين چرچ آف پاکستان، پاسٹر جاوید  بپتسمہ چرچ
اور پاسٹر وسیم گلوری لائف منسٹریز چرچ دیگر بھی موجود تھے۔

Related Posts