عظیم ماہرِ تعلیم اور دانشور سر سیّد احمد خان کی 126ویں برسی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: لنکڈ اِن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

برصغیر پاک و ہند کی تاریخ کے عظیم مسلمان رہنما، ماہرِ تعلیم، دانش ور اور انسان دوست فلسفی سر سیّد احمد خان کی 126ویں برسی آج بدھ کے روز منائی جارہی ہے، آپ کی خدمات رہتی دنیا تک فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق برصغیر کی تاریخ میں انگریز سامراج کے خلاف جدوجہدِ آزادی کا آغاز ہندو مسلم اتحاد کے نعرے سے ہوا کیونکہ ہندو صدیوں سے مسلمانوں کے ساتھ رہتے آئے تھے اور بہت سے مسلمان ہندوؤں کے ساتھ ہی رہنا چاہتے تھے، تاہم جن مسلم رہنماؤں نے دو قومی نظرئیے کی بنیاد  رکھی ان میں سر سیّد احمد خان کا نام بھی شامل ہے۔

بلاشبہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظرئیے کی بنیاد پر مسلمانانِ برصغیر کو الگ ملک دینے کیلئے تحریکِ آزادی کی بنیاد رکھی جبکہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے مسلمانانِ برصغیر کو اپنی شاعری سے حقیقی آزادی کی راہ دکھائی اور 1940 میں قراردادِ پاکستان کی منظوری ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہوا۔

قراردادِ پاکستان کی منظوری سے برسوں پہلے علی گڑھ تحریک کے بانی بننے والے سر سیّد احمد خان کی مشہور کتابوں میں خطبۂ احمدیہ، اسبابِ بغاوتِ ہند، علی گڑھ انسٹیٹیوٹ گزٹ، تہذیب الاخلاق اور آثار الصنادید جیسی تاریخی کتب شامل ہیں۔ انگریز سرکار نے ہی سیّد احمد خان کو خدمات کے اعتراف میں سر کا خطاب دیا۔آپ کی تعلیمی خدمات نے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔

انگریز سرکار کی جانب سے سر سیّد احمد خان کو جواد الدولہ اور عارف جنگ کے خطابات سے بھی نوازا گیا۔ سر سیّد احمد خان کا انتقال 1898ء میں 27 مارچ کے روز علی گڑھ، بھارت میں ہوا۔ آزاد وطن کے حصول کے بعد پاکستان اور بھارت کے مسلمان آج بھی سر سیّد احمد خان کو یاد کر رہے ہیں کہ یہ وہ عظیم رہنما ہیں جن کی بصیرت آگے چل کر تحریکِ آزادی اور پھر پاکستان پر منتج ہوئی۔

Related Posts