آزاد کشمیر میں خوفناک زلزلے سے 30 افراد جاں بحق، 400 سے زائد زخمی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آزاد کشمیر میں خوفناک زلزلے سے 30 افراد جاں بحق، 400 سے زائد زخمی
آزاد کشمیر میں خوفناک زلزلے سے 30 افراد جاں بحق، 400 سے زائد زخمی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

آزاد کشمیر میں خوفناک زلزلے کے نتیجے میں اب تک 30 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ملک کے کئی دیگر علاقوں میں بھی شدید زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

وزارتِ داخلہ کشمیر کے مطابق میر پور سمیت آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں آنے والے ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ملک میں زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ خوف کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارات سے باہر نکل آئے۔

Image result for earthquake in ajk

زلزلے سے سڑکوں پر گہرے شکاف پڑ گئے اور کئی گاڑیاں الٹ گئیں جس کے باعث کئی افراد زخمی ہو گئے اور آمدورفت منقطع ہو گئی۔ میرپور میں زلزلے سے عمارت کے گرنے پر 50 افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے متعدد افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مزید افراد کی بازیابی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج عمران خان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی تردیدکرے، احسن اقبال

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں تھا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد، ٹیکسلا، واہ کینٹ، جہلم، جھنگ، سرگودھا، گوجر خان، اٹک اور خوشاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخواہ میں پشاور، ایبٹ آباد، صوابی، چترال اور ہری پور سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورۂ لاہور مختصر کرتے ہوئے امدادی کاموں کی از خود نگرانی کا اعلان کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیاں فوری طور پر تیز کر دی جائیں۔ 

زلزلے کے حوالے سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) جنرل محمد افضل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہولناک زلزلے کے آفٹر شاکس اگلے 24 گھنٹے تک آسکتے ہیں۔ زلزلے سے میرپور کے چند علاقے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ منگلا سے جاتلاں جانے والی سڑک کے ساتھ ساتھ 3 پل متاثر ہوئے۔ زلزلے سے کئی مکانات بھی منہدم ہوئے تاہم منگلا ڈیم زلزلے سے متاثر نہیں ہوا۔’

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ منگلا ڈیم کی ٹربائن احتیاطی تدابیر کے تحت بند کی گئیں۔ زلزلہ زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کا عملہ، پاک فوج اور پی ڈی ایم اے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

جنرل محمد افضل نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے 20 ایمبولینسز اور 100 ریسکیو اہلکار زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے پہنچے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں خیمے لگا دئیے گئے ہیں جن میں کھانے پینے کی اشیاء اور طبی امداد مہیا کی جارہی ہے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں تمام زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج، حکومت پاکستان اور تمام صوبائی حکومتیں ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا حکم دے دیا   اور  آزادجموں کشمیرمیں پاک فوج کوفوری امدادی کارروائیوں میں حصہ لینےکی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی آئ ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق طبی امداد اور فوج کے دستے روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ فضائی مدد کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ 

مزید پڑھیں: آرمی چیف کی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو آپریشن کی ہدایات

Related Posts