سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، ڈی ایس پی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

CTD arrested
سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، ڈی ایس پی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کے دوران ڈی ایس پی راو شفیع اللہ کا قاتل اور جگر جلال کا اغوا کار گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کانٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے شعبہ انویسٹی گیشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی را ؤشفیع اللہ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزم عبد الواحد کو گلستان جوہرکے شاپنگ مال سے گرفتار کیا گیا، ملزم پر دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، اغوا سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالواحد نے ساتھیوں سمیت سندھ کے مشہور لوک فنکار جگر جلال کو تاوان کی غرض سے اغوا کیا تھا اور انہیں شکار پور میں کچے کے علاقے لے گیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ جگر جلال کی بازیابی کے لیے پولیس پارٹی نے کچے کے علاقے میں کارروائی کی تھی جس کے دوران ملزم کی فائرنگ سے ڈی ایس پی راو شفیع شہید ہوگئے تھے۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم گرفتاری کے خوف سے بھاگ کر کراچی آگیا تھا، تاہم اب اس کی گرفتاری سے متعلق شکار پولیس کو اطلاع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے معروف فنکار جگر جلال بھائی، بھتیجے اور 2 شاگردوں کے ساتھ کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا تھا۔

Related Posts