ن لیگی ریلی میں زندہ شیر کی نمائش، 2 ملزمان گرفتار، 80 ہزار روپے جرمانہ عائد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ن لیگی ریلی میں زندہ شیر کی نمائش، 2 ملزمان گرفتار، 80 ہزار روپے جرمانہ عائد
ن لیگی ریلی میں زندہ شیر کی نمائش، 2 ملزمان گرفتار، 80 ہزار روپے جرمانہ عائد

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ریلی میں زندہ شیر کی نمائش کرنے پر 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 5 افراد پر 80 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے 13 دسمبر کے جلسے سے قبل گزشتہ دنوں مریم نواز نے لاہور کے ہر حلقے میں عوام سے رابطے کیلئے مہم شروع کی جس کے دوران نکالی گئی ریلی میں کچھ افراد ن لیگ کی شناختی علامت شیر کو زندہ لے آئے۔

شیر کو زندہ لانے اور اس کی نمائش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان محکمۂ جنگلی حیات پنجاب نے کہا کہ رواں ہفتے جمعرات کے روز ملزمان ن لیگ کی نائب صدر کی ریلی میں زندہ شیر لائے تھے جبکہ امداد نامی ملزم نےشیر کی نمائش کی۔ 

ملزم کے جرم سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان محکمۂ جنگلی حیات نے کہا کہ ریلی کے دوران امداد نے اپنی گاڑی پر عوام کو زندہ شیر دکھا کر اس کی نمائش کا ارتکاب کیا جو قانوناً جرم مانا جاتا ہے کیونکہ اس سے عوام کی زندگیوں کو خطرات لاحق تھے۔

ترجمان محکمۂ جنگلی حیات نے کہا کہ عوام الناس کے جمِ غفیر میں زندہ شیر لانے والے مرکزی ملزم امداد کے ساتھ ساتھ 5 ملزمان پر 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ شیر کو تحویل میں لیے جانے کے بعد چڑیا گھر منتقل کیا گیا ہے، خود ن لیگی قیادت نے بھی اِس فعل کی مذمت کی۔

ریلی کے دوران شیر لانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ سختی سے کارکنان کو ہدایت کرتی ہے کہ جلسہ گاہوں میں کوئی جانور یا شیر وغیرہ نہ لائیں کیونکہ یہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل لاہور میں پی ڈی ایم جلسے کیلئے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ن لیگی کارکنان نے گریٹر اقبال پارک کے تالے توڑ دئیے۔

پی ڈی ایم لاہور میں حکومت سے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ کرے گی، مینارِ پاکستان پر حکومت مخالف جلسے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ ن لیگی کارکنان نے گریٹر اقبال پارک کے تالے توڑ دئیے، شرکائے جلسے کیلئے کرسیاں اور ساؤنڈ سسٹم بھی جلسہ گاہ میں پہنچا دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ن لیگی کارکنان نے خلافِ قانون گریٹر اقبال پارک کے تالے توڑ دئیے

Related Posts