واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے طبی معائنے کے دوران نائب صدر کملا ہیرس کو مختصر دورانیے (سوا گھنٹے)کے لیے اقتدار منتقل کیا ، جس کے بعد کملا ہیرس کو امریکہ کی تاریخ میں پہلی سیاہ فام ایشیائی نژاد نائب صدر کو ملک کی قائم مقام صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہائوس نے کہا کہ معمول کے طبی معائنے کے دوران صدر جو بائیڈن کی کلونو سکوپی کے لیے انہیں بے ہوش کرنے کے لیے اینستھیزیا دیا گیا۔ صدر جو بائیڈن اپنی 79 ویں سالگرہ کے دن (امریکی وقت کے مطابق)جمعہ کی صبح دارالحکومت واشنگٹن سے کچھ دور واقع والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر گئے تھے۔
جو بائیڈن امریکی تاریخ میں صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں۔ واضح رہے کہ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر بائیڈن کا یہ پہلا طبی معائنہ ہے۔
کلونو سکوپی کے دوران جو بائیڈن کو بے ہوش کیا گیا اور ماضی کی طرح نائب صدر نے اقتدار سنبھالا، جس میں امریکی مسلح افواج اور جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر کنٹرول بھی شامل تھا۔
پریس سیکریٹری جین پساکی نے کہا کہ صدر بائیڈن کی مختصر مدت کی بے ہوشی کے دوران نائب صدر کو اقتدار منتقل کیا۔ نائب صدر نے اس دوران ویسٹ ونگ میں اپنے دفتری امور انجام دیے۔خیال رہے کہ 57 سالہ کملا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔
مزید پڑھیں:پاک امریکا تعلقات پر خدمات کیلئے سفارتکاروں کی شکرگزار ہوں۔وینڈی شرمین