تشدد، غنڈا گردی اور طاقت کی علامت گلو بٹ آج کس حال میں ہے، دیکھ کر یقین نہیں آئے گا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کہتے ہیں طاقت، دولت، جوانی اور یہاں تک کہ زندگی بھی سدا کسی کے پاس نہیں رہتیں، یہ وقت اور حالات کے زیر اثر اپنی پوزیشن بدل لیتی ہیں، مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں 2014 میں پیش آنے والے سانحہ ماڈل ٹاون سے شہرت پانے والا گلو بٹ بھی آج اسی ستم ظریفی کا شکار ہوکر رہ گیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے دوران ایک طاقتور غنڈے اور خوف کی علامت کی حیثیت سے سامنے آنے والا ن لیگی متوالا برین ہیمبرج کا شکار ہوکر بستر سے جالگا ہے، جبکہ جس پارٹی کا وہ ساری زندگی دم بھرتا رہا، مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں اس پارٹی نے اسے تنہا چھوڑ دیا ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران گلو بٹ نے ن لیگ کے پرجوش ورکر کے طور پر اپنی پارٹی کی حکومت کے دفاع میں ماڈل ٹاؤن کے مظاہرین کیخلاف بڑی غنڈا گردی کا مظاہرہ کیا، ان کی وہ ویڈیوز اور تصویریں آج بھی لوگوں کے ذہن کی اسکرین پر منقش ہیں جن میں وہ سیاسی مخالفین کی گاڑیوں کو بے رحمی سے توڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد گلو بٹ کا نام طاقت، غنڈا گردی، بدمعاشی اور تشدد کی علامت کے طور پر مشہور ہوگیا اور ہر بدمعاش اور غنڈا گلو بٹ کہلایا جانے لگا۔ گلو بٹ کا نام اس واقعے کے بعد بڑے عرصے تک لوگوں کی بات چیت کا حصہ رہا۔

اب ایک بار پھر گلو بٹ کا نام سامنے آیا ہے مگر اس بار ان کے نام کے ساتھ جڑی اطلاعات میں کسی غنڈا گردی، بدمعاشی اور تشدد کے بجائے رحم اور ہمدردی کا ذکر ہے، کیونکہ خبر یہ ہے کہ اپنے وقت میں سیاسی مخالفین کیلئے خوف و دہشت کی علامت سمجھا جانے والا گلو بٹ اب اس حال میں ہے کہ اپنے اوپر سے مکھی اڑانے کیلئے بھی دوسروں کی مدد اور سہارے کا محتاج ہے۔

گلوبٹ کے بھائی کے مطابق ان کے بھائی کو کچھ عرصہ پہلے اوپر تلے دو بار برین ہیمبرج ہوگیا ہے، جس کے بعد سے وہ بستر پر ہیں اور بات چیت کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ بھائی کے مطابق تقریبا تین ماہ سے گلو بٹ خوراک بھی نہیں لے پا رہے۔

گلو بٹ کے بھائی کے مطابق خوشی غمی اور دکھ تکلیف اللہ کی طرف سے ہی ہوتی ہے، اللہ انہیں بہت عزت اور نعمتیں بھی دی ہیں تو اب یہ مشکل اور تکلیف بھی اسی کی طرف سے ہے، انسان کے بس میں کچھ بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک ہی آزمائش میں ڈالتا ہے اور وہی آزمائش سے نجات دلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے بھائی کو اس مشکل اور مصیبت سے بھی نجات عطا کرے گا۔

بھائی کی تکلیف کے موقع پر پارٹی کی جانب سے تنہا چھوڑنے کے متعلق سوال پر گلو بٹ کے بھائی نے اعتراف کیا کہ جس پارٹی کی قیادت کیلئے ان کے بھائی اور خاندان نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگادیا انہوں نے مشکل کی گھڑی میں ہمیں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے نوازشریف اور لیگی قیادت سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں ان کے بھائی کی مدد کریں۔

Related Posts