بھارت میں اقلیتوں کے استحصال کے متعلق ڈوزئیر میں کیا ہے اور یہ کیا ہوتا ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بھارت میں اقلیتوں کے استحصال

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بھارت میں اقلیتوں کے استحصال کے متعلق ڈوزئیر لانچ کردیا گیا۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈوزئیر لانچ کیا۔ سوال یہ ہے کہ اس ڈوزئیر میں کیا ہے اور یہ کیا ہوتا ہے؟

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھارت کے خلاف ڈوزئیر لانچ کرکے ماضی کے وزرائے اعظم کی اقتدا کی ہے۔ آئیے، سب سے پہلے یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ڈوزئیر کیا ہوتا ہے اور موجودہ ڈوزئیر میں کیا موجود ہے یا ہوسکتا ہے۔

ڈوزئیر کی تعریف اور مقاصد

کسی بھی شخص، موضوع یا واقعے کے  حقائق یا اپنے الزامات کی صداقت کو ثابت کرنے کیلئے لانچ کیے گئے ڈوزئیر سے مراد دستاویزات کا ایسا مجموعہ ہے جس میں حقائق، شواہد اور ثبوت ہوتے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف ڈوزئیر پیش کرنے کا مقصد عالمی سطح پر شواہد ، ثبوت اور دستاویزات سے یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک بھارت پر جو الزامات لگا رہا ہے، وہ حقیقت پر مبنی اور بالکل درست ہیں۔ 

پاکستان نے کتنے ڈوزئیر پیش کیے؟

ماضی قریب میں پاکستان نے متعدد ڈوزئیر بھارت اور اقوامِ متحدہ کو پیش کیے جن میں ان الزامات کے ثبوت موجود تھے کہ بھارت پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے۔

بعض ذرائع کے مطابق پاکستان نے صرف 2015ء سے اب تک بھارت کے خلاف کم از کم 10 ڈوزئیرز عالمی سطح پر پیش کیے جبکہ انوار الحق کاکڑ کے علاوہ دیگر وزرا نے بھی ڈوزئیر پیش کیے ہیں۔

ماضی میں سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی  اقوامِ متحدہ اور بھارت کو ڈوزئیر پیش کیے جن میں ہم نے بھارت پر لگائے جانے والے اپنے الزامات کو ثابت کیا۔ 

انوار الحق کاکڑ کا ڈوزئیر

موجودہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے ڈوزئیر میں نئی بات کیا ہے؟ یہ سب سے اہم سوال ہے اور اس کا جواب یہ ہے کہ یہ ڈوزئیر بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے استحصال کے متعلق واقعات کی تفصیلات اور شواہد پر مشتمل ہے۔

موجودہ ڈوزئیر میں مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کے واقعات شامل ہیں اور یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ بھارت میں مسلمان سب سے بڑی اقلیت اور مودی حکومت کے مظالم کا سب سے زیادہ شکار ہیں تاہم بھارت کا ظلم صرف مسلمانوں تک محدود نہیں۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے یہ ڈوزئیر تیار کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 2014 کے بعد سے بھارتی حکومت اقلیتوں پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ بھارت کے امتیازی قوانین اور میڈیا مہم نے اقلیتوں کے حقوق پامال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

ڈوزئیر میں قرار دیا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تاریخ کی بد ترین نسل کشی جاری ہے۔ عالمی کنونشن کے دستخط کنندہ کے طور پر بھارت نسل کشی روکنے کا پابند ہے۔ ہندوتوا نظریات کے حامل لوگ اقلیتوں کی عبادت گاہیں تباہ کر رہے ہیں۔

مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم

حال ہی میں بھارت میں گرجا گھروں کی بے حرمتی کے واقعات بھی ہوئے اور شدت پسند ہندو اور انتہا پسند جتھوں نے گرجا گھروں کی بے حرمتی کی اور اسی طرح دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا کیونکہ ہندوتوا کے پیروکار بھارت میں صرف ہندو مت کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کا خطاب

مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ بھارت خطے میں تصادم اور عدم استحکام کو ہوا دینے میں ملوث ہے۔

Related Posts