سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور:  سری لنکا نے پاکستان کیخلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا نے مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا، پہلے لنکن بلے بازوں نے خوب جم کر حریف بولرز کی پٹائی کی اور 183 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا تو بعد میں بولرز نے بھی کمال دکھایا اور 147 رنز پر پاکستانی ٹیم کو چلتا کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، گزشتہ میچ میں مایوس کرنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل اس بار بھی ٹیم کو ڈبو گئے، عمر اکمل مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد نے 16 گیندوں پر 13 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد 26 رنز کی مزاحمت کرسکے، اسپنر ڈی سلوا نے ایک ہی اوور میں تینوں کی وکٹیں حاصل کیں۔اوپنر بابراعظم 3 اور فخرزمان 6 رنز تک ہی محدود رہے۔

پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فہیم اشرف اور افتخار احمد کی جگہ فخر زمان اور وہاب ریاض کو فائنل الیون کا حصہ بنایا تھا۔

سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو 16 کے مجموعی اسکور پر گزشتہ میچ کے ہیرو دھنشکا گونا تھیلاکا 15 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس موقع پر راجا پکسے اور آوشکا فرنینڈو نے اسکور کو 41 تک پہنچایا ہی تھا کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں فرنینڈو کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اس مرحلے پر راجا پکسے کا ساتھ دینے شیہان جے سوریا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت قائم کی خصوصاً راجا پکسے نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تمام پاکستانی باؤلرز کی خوب خبر لی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بھانوکا راجاپاکسا نے 77 اور شیہان جے سوریا نے 34 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سری لنکا کے تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہااور ابتداء میں ہی فخر زمان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد بابر اعظم بھی 3 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

52 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد عماد وسیم اور آصف علی نے چھٹی وکٹ پر 75 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جو بے سود ثابت ہوئی، عماد وسیم 29 گیندوں پر 47 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ آصف علی نے 29 رنز کی باری کھیلی۔ وہاب ریاض 7، شاداب خان صفر اور محمد حسنین ایک اسکور کرکے آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عامر 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، ڈی سلوا نے 3، اوڈانا نے 2 اور راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Related Posts