افغان سیکیورٹی ایڈوائزر امن عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔وزیرِ خارجہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

افغان سیکیورٹی ایڈوائزر امن عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔وزیرِ خارجہ
افغان سیکیورٹی ایڈوائزر امن عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔وزیرِ خارجہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ملتان: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان سیکیورٹی ایڈوائزر امن عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزملتان میں تحریکِ انصاف کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن عمل کیلئے ماحول سازگار بنانے کی ضرورت ہے جبکہ افغان سیکیورٹی ایڈوائزر نے اسے سبوتاژ کیا۔

خطاب کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو سلامتی کونسل نہیں کرسکی، پاکستان کی وکالت کے باعث ممکن ہوا اور مقبوضہ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم و ستم روکنے میں مدد ملی۔ اسرائیل کو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنا فیصلہ روکنا پڑا۔

فلسطین میں جنگ بندی کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنیوا میں مخالفت کے باوجود پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کثرتِ رائے سے منظور ہوئی۔ اسرائیل کے جنگی جرائم پر تحقیقاتی کمیشن تسکیل دے دیا گیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین پر 25 منٹ میں 125 بم گرائے گئے، اللہ نے پاکستان کو کامیابی عطا فرمائی اور اسرائیل کو کٹہرے میں کھڑا کردیا۔ فلسطین پر گفتگو کے دوران میری نظر مقبوضہ کشمیر پر بھی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا وزیرِ اعظم عمران خان کی اس سوچ سے متفق ہوئی کہ افغان مسئلے کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔ تہمت لگانے والے افغان مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر آمادہ ہو گئے۔ امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ افغان قومی سیکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کر سن لے کہ پاکستان نے 83 ہزار جنازے اٹھائے ہیں، ہم نے بڑی قیمت ادا کی۔ معیشت نے 128 ارب ڈالر کی قیمت ادا کی۔ پاکستان کے خلاف انتہائی غلط الفاظ استعمال کیے گئے۔

  مزید پڑھیں: ڈاکٹر عارف علوی کا نتھیاگلی کا دورہ، پولیس اہلکارصدر کو پہچان نہ سکے

Related Posts