سینیٹ الیکشن،تحریک انصاف کے رہنماؤں کی محمود مولوی کی رہائش گاہ پر بڑی بیٹھک

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینیٹ الیکشن،تحریک انصاف کے رہنماؤں کی محمود مولوی کی رہائش گاہ پر بڑی بیٹھک
سینیٹ الیکشن،تحریک انصاف کے رہنماؤں کی محمود مولوی کی رہائش گاہ پر بڑی بیٹھک

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : سینیٹ انتخابات سے قبل حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اہم رکن اور مشیر برائے جہاز رانی محمود مولوی کی رہاش گاہ پر بڑی بیٹھک، وفاقی وزراء ، علی زیدی، اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی شرکت۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت سب اتحادیوں کو اختیار ہے کہ وہ کسی بھی جماعت سے ملاقات کریں ، پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، سییٹ الیکشن میں ہماری کامیابی یقینی ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ محمود مولوی صاحب کا مشکور ہوں انہوں نے ہم سب کو مدعو کیا۔ اچھے ماحول میں ظہرانہ ہوا لوگوں کو ساتھ بٹھانا اور ایسے ماحول میں جہاں افواہیں گرم ہوں تو اس طرح کا بیٹھنا سیاسی طور پر فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ شو آف ہینڈ پر ووٹنگ اپوزیشن نہیں چاہتی۔ کیوں کہ اپوزیشن چھانگا مانگا کی سیاست کرتی چلی آئی ہے۔ پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر پی ٹی آئی کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

بیٹھک کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر نے کہا کہ جن ارکان اسمبلی کے بارے میں سنا تھا کہ وہ ووٹ نہیں دینگے ان سے ملاقات کی ہے وہ ووٹ دینےکے لیےتیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے اور اختلاف رائے سب کا حق ہے۔ ویسے بھی پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے، کوئی  ن لیگ تو ہے نہیں کہ میاں صاحب سے اختلاف کرے اور دوسرے دن پارٹی سے نکال دیا جائے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ابھی تک کی صورتحال میں ہمارے دونوں ارکان حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کامیاب ہونگے۔ عام انتخابات میں بھی تو گھر جاجا کر ووٹ مانگتے ہیں سینٹ کے لئے بھی یہی صورتحال ہے۔

دعوت کے میزبان مشیر برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ہے جس میں اتحادی جماعتوں کے اراکین کو بھی مدعو کیا گیا تھا مگرایم کیو ایم کا وفد مصروفیت کے باعث نہیں آسکا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلے کا مقدم کرتا ہوں اسی لیے سینٹ انتخابات میں بطور امیدوار دستبردار ہوا ہوں۔ پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدواران کو ایڈوانس مبارکباد دیتا ہوں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن سندھ اسمبلی شہریار مہر نے کہا کہ تعلقات سیاسی اور ذاتی بنیادوں پر ہیں کے پی کے کی مثال سب کے سامنے ہے۔ امید ہے سندھ میں چھانگا مانگا والی سیاست نہیں ہوگی ،جس طرح سینیٹ کے انتخابات ہو رہے ہیں اس سے یہ ہی امید ہے کہ ہاس ٹریڈنگ نہیں ہوگی اور نہ ہونا چاہیے۔

Related Posts