اسٹیٹ بینک کا اہم فیصلہ، شرح سود میں کمی کرکے 7فیصد مقرر کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسٹیٹ بینک کا اہم فیصلہ، شرح سود میں کمی کرکے 7فیصد مقرر کردی
اسٹیٹ بینک کا اہم فیصلہ، شرح سود میں کمی کرکے 7فیصد مقرر کردی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے 7 فیصد مقرر کردی ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی اجلاس میں مہنگائی کے منظر نامے اور معاشی سست رفتاری کو مدنظر رکھا گیا ہے اور شرح سود میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب مارچ کے وسط سے اب تک شرح سود میں 625 بیسس پوائنٹس کی کمی آچکی ہے جب کہ شرح سود میں کمی کے فوائد گھرانوں اور کاروباری اداروں کو بروقت منتقل کیے جاسکیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء پاکستان سمیت بہت سی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پھیلتی جارہی ہے جب کہ کئی ممالک میں دوسری لہر آنے کے خطرات ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں معاشی سست رفتاری برقرار ہے اور نمو میں کمی کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جولائی 2020ء تک تقریباً 3.3 ٹریلین روپے کے قرضوں کے نرخ ازسرنو متعین کیے جانے ہیں جب کہ ملک کے اندر مضمر مہنگائی میں اعتدال آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عید کی تعطیلات کے دوران غذائی قیمتوں میں موسمی اضافے سے قطع نظر عمومی مہنگائی مئی میں مزید گھٹ کر 8.2 فیصد ہوگئی، مہنگائی میں کمی کا سبب ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی ہے،جب کہ اوسط مہنگائی اگلے مالی سال کے لیے پہلے اعلان کردہ حدود 7-9 فیصد سے کم رہ سکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک کو کثیر جہتی ایجنسیوں سے مزید رقوم ملی ہیں جن میں عالمی بینک سے 725 ملین ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 500 ملین ڈالر شامل ہیں جب کہ دوسری جانب ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک سے مزید 500 ملین ڈالر جلد متوقع ہیں۔

Related Posts