وزیراعظم کا مہنگائی کم کرنے کا عزم: کیا واقعی غریب عوام کو ریلیف ملے گا ؟؟؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کیخلاف ہر حد تک جائیں گے، عوام کو ریلیف دینا ہوگا، ورنہ حکومت کرنے کا حق نہیں، گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے سابق حکمرانوں کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عام آدمی کے کچن میں ہر حال میں بنیادی اشیاء پہنچائیں گے اورغریبوں کو مفت راشن دیا جائیگا۔

سال 2019 کے اختتام پر ملک میں افراط زر کی شرح 12اعشاریہ63فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ نو برسوں کے دوران سب سےزیادہ ہے اور جنوری 2020 میں مہنگائی کی شرح 14اعشاریہ 6فیصد رہی۔پی ٹی آئی حکومت کے قیام کے بعد گذشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستان میں مہنگائی کی شرح دن بدن بڑھتی جا ری ہے ،مہنگائی کیساتھ ٹیکسز میں اضافہ سے عوام نفسیاتی مریض بن چکے ہیں۔

عمران خان کے دور حکومت میں سولہ ماہ کے دورا ن سونا 54000سے 90700روپے فی تولہ، پیٹرول62سے 117روپے لیٹر،بجلی 15سے 22روپے فی یونٹ، چینی47سے100روپے کلو،کوکنگ آئل140سے 220روپے لیٹر،آٹا 20کلو 650سے 850روپے،گھریلو گیس سلنڈر 1000سے1900روپے تک پہنچ چکا ہے،سبزیاں، دالیں، گوشت بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے،ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔

ڈیڑھ سال گزر جانے کے باوجود مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں پر ملبہ ڈال کر عوام کو صبر کی تلقین کرنے تک محدود رہی ہے، وزیراعظم عمران خان مسلسل مافیاز کا ذکر تو کررہے ہیں لیکن کوئی کارروائی کرنے سےگریزاں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے معتمد خاص جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آٹا ،چینی، گھی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت دی کہ کسی بھی مد سے پیسہ کاٹیں لیکن خریدنے کی سکت نہ رکھنے والوں کو سہولت دیں اور کچھ بھی کریں عوام کو ریلیف دیں۔

گزشتہ سال نومبر میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے عوام کو ماہ جنوری میں مہنگائی کم ہونے کی نوید سنائی تھی لیکن مہنگائی کم ہونا تودورتاحال مہنگائی سلسلہ تھمنے میں بھی نہیں آسکا،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے بھی مہنگائی کم ہونے کا پیغام دیا تھا جو کی ہوا میں تحلیل ہوچکا ہے اور عوام روز افزوں مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے باوجود مہنگائی  کنٹرول ہوتی نظر آرہی ہے نہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف دیا جارہا ہے، جب تک ملک میں مصنوعی مہنگائی کرنیوالے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز وں کیخلاف کارروائی نہیں کی جائیگی‘ مہنگائی کے جن کو قابو نہیں کیا جاسکے گا۔

Related Posts