داعش سربراہ ابوبکرالبغدادی ہلاک، امریکی صدرنے تصدیق کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

trump
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ شام میں داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں اپنے بچوں سمیت مارا گیا ہےجبکہ اس کے کئی ساتھی بھی آپریشن میں ہلاک ہوئے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ شام میں داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں اپنے بچوں سمیت مارا گیا ہےجبکہ اس کے کئی ساتھی بھی آپریشن میں ہلاک ہوئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابوبکر البغدادی کو امریکی فورسز نے اسپیشل آپریشن میں ہلاک کیا۔ ابوبکر البغدادی نے خود کو خودکش جیکٹ کے ذریعے اڑایا جس میں 3 بچے بھی ہلاک ہوئے تاہم اس امریکی آپریشن کے دوران 11 بچے محفوظ رہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد نے معصوم لوگوں کو مارا، داعش کے باقی کارندوں کا بھی یہی انجام ہوگا۔ روس، ترکی، شام اور عراق کا سپورٹ کرنے پر شکر گزار ہوں، ان کاکہناتھا کہ دنیا کا نمبر ایک دہشت گرد ابوبکر البغدادی شام میں ایک سرنگ کے اندر چھپا ہوا تھا جسے ہم نے دو ہفتے قبل ڈھونڈ نکالا تھا اور مسلسل نگرانی کر رہے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ البغدادی کی لاش مسخ ہوچکی ہے، ڈی این اے سے شناخت ہوگئی ہے، ابوبکر البغدادی بیمار ذہنیت کا انسان تھا، داعش رہنما ایک بزدل کی طرح ہلاک ہوئے،ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے تین بچوں کو بھی ماردیا۔

مزید پڑھیں: داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں ہلاک ہوگئے

امریکی صدر نے اسے ایک انتہائی خطرناک مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران امریکی فوجیوں کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم امریکی فوج کا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ابوبکر البغدادی کے متعدد ساتھی بھی آپریشن میں مارے گئے۔

کارروائی میں تعاون کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘یہ کارروائی صرف دوسرے ممالک اور لوگوں کی مدد سے ممکن ہوسکی جس کا اعتراف ضروری ہے، شامی کردوں کی جانب سے امریکا کو فراہم کی جانے والی معلومات سے بڑی مدد ملی ہے۔

داعش کے دہشت گردوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘یہ بعض معاملات میں انتہائی بزدل ہیں اور بعض معاملات میں بے رحم دہشت گرد ہیں، انہوں نے معصوم امریکیوں کا قتل کیا،شہریوں کی زندگیوں کو ختم کیا گیا۔

امریکی صدر نے مزیدکہاکہ لیبیا، مصر اور دیگر علاقوں میں عیسائیوں کو مارا گیا اور یزیدیوں کی نسل کشی کی گئی، دنیا نے جبری طور پر مذہب کی تبدیلی اور سر قلم ہوتے دیکھا جو بغدادی کا خاصہ تھا لیکن اب اس بغدادی کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘بغدادی کی ہلاکت امریکا کی دہشت گرد رہنماؤں کے خلاف امریکا کا عزم ہے اور ہمارا مقصد داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کا مکمل خاتمہ ہے، داعش کے باقی ماندہ دہشت گردوں کا پیچھا کرتے رہیں گے اور ان کا انجام بھی بغدادی کی طرح ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ شب شام میں ادلب کے ایک گاؤں میں چھاپا مار کارروائی کے دوران ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے قبل بھی کئی بار ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے تھے تاہم پہلی بار امریکی صدر نے میڈیا کے سامنے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

Related Posts