18اکتوبر کو سلطنت یزیدیہ کے تابوت میں آخر ی کیل ٹھونک دینگے، پلوشہ خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Pakistan People’s Party

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے ٹائیگرفورس کوبھتہ خورفورس قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ان کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے،پیپلزپارٹی ٹائیگرفورس کے قیام کوعدالت میں چیلنج کرے گی اورتاجروں ،شہریوں کوان غنڈوں سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ 18 اکتوبرکا جلسہ موجودہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،غداری کے میڈل بانٹنے والوں کو بدین اور عمرکوٹ کے لوگوں کی تکلیف نظرنہیں آتی ہے،گوجرانوالہ میں ہمارے دفاترپرتالے لگادیے گئے ہیں،حکومت جومرضی کرے سولہ اکتوبراوراٹھارہ اکتوبرکوعوام کا سمندرہوگا ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں حکومتی جبرکا مقابلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرپیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجزدھامرہ، سردارنزاکت دیگربھی موجود تھے۔

پلوشہ خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو کس قانون کے تحت گھروں اور دفتروں میں گھسنے کی اجازت دی گئی ہے؟ ٹائیگرفورس والے کون ہیں،ان کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے۔پیپلزپارٹی اس بھتہ خورٹائیگرفورس کے قیام کوچیلنج کرنے کااعلان کرتی ہے،ہم اس فورس کے قیام کوعدالت میں چیلنج کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک پر شیطانی حکومت کا راج ہے،ہم سب کو شیطان مردود سے پناہ مانگنی چاہئے،سلطنت یزیدیہ کے خاتمے کا سب سے فیصلہ کن موڑیہیں سے آئے گا،اٹھارہ اکتوبر کو آپ دیکھیں گے کیسے اس سلطنت یزیدیہ کے تابوت میں کیل ٹھونکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا تو پھر رحم کرتا ہے حکمران تو بھوک سے لوگوں کو مار رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت مخالف تحریک کے لیے لوگ باہرنکلیں گے،چاہے کورونا ہو یا اس سے بڑا وائرس موجودہ حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس حکومت کا بڑبولا وزیر کہتا ہے لوگ قتل ہونگے اور علما قتل ہوئے،انہوں نے توآزادکشمیرکے وزیراعظم کوغدارقراردیا،دھمکا رہے ہیں کہ جیلوں میں بند کریں گے جونکلے گا گرفتارہوگا ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں،گوجرانوالہ میں ہمارے آفسزپرتالے لگادیے گئے ہیں ۔

حکومت جومرضی کرے سولہ اکتوبراوراٹھارہ اکتوبرکوعوام کا سمندرہوگا،وزیراعظم عمران نیازی کہتا ہے جو باہر نکلے گا وہ جیل جائے گا اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں عوام کا سمندر نکلے گا،ہمارے کارکنوں کوڈی جیزکی ضرورت ہے نہ ڈھولک کی،جتنی جیلیں بنانی ہیں بنالیں،ہم غداری کے میڈل بدن پرسجائے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ معاون خصوصی معاون اطلاعات کا استعفی کیوں منظور کیا ؟۔سی پیک آرڈیننس کی مدت پوری ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ پا بھر آٹالینے کے لئے لائنوں میں کھڑے ہیں،بیروزگاری اوربدحالی گلیوں میں ناچ رہی ہے۔

وزیراعظم جگت بازی کرتے ہیں جملے کستے ہیں،لوگوں کی ذاتی زندگی پر بات کرتے ہیں،وزیراعظم کونیند کیسے آتی ہے،ادویات لوگ دیکھتے ہیں خرید نہیں سکتے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے کیاگیامعاہدہ منظرعام پرلایا جائے پارلیمنٹ کو دکھایاجائے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرہ نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبرکوشہدا کوخراج عقیدت پیش کریں گیدوسال پہلے قوم کے ساتھ فراڈ ہوا، کنٹینروائرس پھیلایا گیا جس نے ملک کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں تاریخ سازجلسہ حکومت مخالف تحریک کونیا رخ دے گا۔

Related Posts