پولیس کا کے ڈی اے کے نیلام شدہ پلاٹ پر قبضہ ختم کرانے سے انکار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Police refuse to end illegal occupation of KDA's auctioned plot

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :کے ڈی اے کے حالیہ نیلام شدہ پلاٹوں پر بھی قبضے ہونے لگے،ناظم آباد میں حال ہی میں  واگزار پلاٹ پر دوبارہ مافیا قابض، پولیس کا ملزمان کیخلاف کارروائی سے انکار، کے ڈی اے نے بھی ہاتھ کھڑے کردیئے۔

گزشتہ روزدوپہر 3بجے سے کے ڈی اے کا عملہ اور افسران تھانے میں تیار بیٹھے رہے مگر ایس ایچ او کی مسلسل ٹال مٹول اور نفری نہ ہوے کے بہانے کے باعث قبضہ خالی نہ ہو سکا ۔

کے ڈی اے نے 21 اپریل کو کھلی نیلامی میں ناظم آباد میں پلاٹ نمبر 5B-6نیلام کیا تھا اوراسی روز اس پلاٹ پرقبضہ ختم کرا دیا گیا تھاتاہم اس کے دوسرے ہی روز دوبارہ قبضہ ہوگیا تھا اور قبضہ مافیا نے تعمیرات دوبارہ شروع کرادی تھیں ۔

اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات ناصر عباس سومرونےدوبارہ قبضے کا نوٹس لیا اور ڈی جی نےممبر ایڈمنسٹریشن سہیل خان، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ ارشد عباس اورایکسیئن سینٹرل کے ڈی اے اورنگزیب خان کو فوری قبضہ ختم کرانے کی ہدایت کیں۔

ممبر ایڈمن سہیل احمد خان نے کے ڈی اے پولیس کو متعلقہ عملے کے ساتھ کارروائی کے لیے بھیج دیا تھا تاہم ایکسیئن اورنگزیب نے دوپہر3 بجے سے تھانہ پاپوش نگر میں پڑاؤ ڈال رکھا تھا مگر ایس ایچ او کسی صورت تعاون کرنے کو تیار نہیں تھا۔

ایس ایچ او پاپوش تھانہ راؤ دلشاد اس دوران قبضہ مافیا کی مسلسل وکالت کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے لوگ اسلحہ سے لیس ہیں اور اگر کوئی واقعہ ہو گیا تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا ، آپ اپنی ذمہ داری پر جا کر کارروائی کریں۔

مزید پڑھیں:کے ڈی اے نے 48پلاٹس نیلام کرکے پونے 2ارب کما لئے

اس حوالے سے ایکسیئن منصورہ ڈویژن اورنگزیب نے بتایا کہ ہم ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ہدایت پر یہاں مغرب تک پولیس فورس ملنے کا انتظار کرتے رہے اور اس دوران محکمہ انفورسمنٹ اور میری ٹیمیں مستعد تھیں اور مغرب تک ہم موجود تھے مگر پولیس کے عدم تعاون کے باعث قبضہ واگزار نہ ہو سکا، انہوں نے کہا کہ اعلیٰ پولیس حکام کی مدد سے جلد اس قبضے کو ختم کرا دیں گے۔

Related Posts