صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم مزدوروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کیلئے پرعزم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Eid-ul-Adha: Special Messages from the President and the Prime Minister

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان نے مزدوروں کو رہائش، تعلیم اور صحت سمیت ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یومِ مزدور کے موقعے پر قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے حالاتِ زندگی بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی یومِ مزدور ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ملک کی تعمیر کیلئے محنت کشوں کی انمول خدمات کا اعتراف کیا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت مزدوری کے وقار کی علامت ہے۔ اسلام سماجی انصاف کے اصولوں اور مزدوروں کے حقوق کے احترام پر خصوصی زور دیتا ہے۔ متعدد احادیث میں مزدوروں کو مناسب اجرت کی فراہمی اور منصفانہ سلوک کے ذکر کے ساتھ مزدوروں کے حقوق اجاگر کیے گئے۔

یومِ مزدور کے موقعے پر پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے مربوط نظام تیار کرنا ہے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جائے اور مزدوروں کوجلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جاسکے جبکہ حکومت پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرامز کا آغاز کرچکی ہے تاکہ مزدور ملک کے اندر اور باہر ملازمتیں حاصل کرسکیں۔

مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کے مزدور اور آجر آگے آئیں اور پاکستان کو کارکردگی، تعاون اور ترقی کی عالمی علامت بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مزدوروں کا عالمی دن انسانی محنت کے وقار کی علامت ہے۔ جفاکش مزدورپاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت محنت و مشقت کے وقار اور عزت و آبرو کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی جبکہ ہم مزدوروں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مزدور رہنماؤں کی بہادری اور عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ مزدوروں کو بہتر پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ 

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سخت محنت کرکے روزی کمانے والے مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد ہر مزدور کے حالاتِ زندگی بہتر کرنے کیلئے مزدوروں کے بنیادی انسانی حقوق پر شعور اجاگر کرنا ہے۔

آج مزدوروں کے عالمی دن سے متعلق تاریخی واقعے کو 135 برس مکمل ہوچکے ہیں۔ امریکی ریاست شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کیلئے اٹھنے والی آواز کی یاد میں آج یومِ مزدور سے متعلق تقریبات منعقد ہوں گی۔

مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

Related Posts