اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ 31 ماہ میں 220 ارب روپے جمع کرائے۔وزیرِ اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ 31 ماہ میں 220 ارب روپے جمع کرائے۔وزیرِ اعظم
اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ 31 ماہ میں 220 ارب روپے جمع کرائے۔وزیرِ اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ن لیگی دور میں بدعنوانی کے خلاف کارکردگی کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے تحریکِ انصاف حکومت کو گزشتہ 31 ماہ میں 220 ارب روپے جمع کرائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے 2018ء سے لے کر 2020ء تک ہماری حکومت کے عہد میں 484 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جبکہ گزشتہ دور میں 1999ء سے لے کر 2017ء تک محض 290 ارب جمع کیے گئے تھے۔

بدعنوانی کے خلاف کارروائی کے متعلق پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جب حکومت مجرموں کی حفاظت کیلئے کھڑی نہیں ہوتی اور احتساب کے اداروں کو کسی بھی سیاسی مداخلت کے بغیر کام کرنے دیتی ہے تو بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے ادارے اپنے اہداف حاصل کرتے ہیں۔ یہ ن لیگی دورِ حکومت اور پی ٹی آئی دور کا فرق ہے۔

 وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کے 10 سالہ دورِ اقتدار میں غیر قانونی طور پر قبضہ کی گئی 2 اعشاریہ 6 ارب روپے کی سرکاری زمین کا قبضہ چھڑایا گیا جبکہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں چھڑائی گئی زمین کی مالیت 192 ارب روپے رہی۔ آج بالواسطہ کیش ریکوری 26 ارب ہوچکی ہے جو ن لیگی دور کے آخری 10 سالوں میں صفر تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ اب تک کے حاصل کردہ اہداف کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی کارکردگی بھی واضح ہے۔ گزشتہ 31 ماہ میں ادارے نے قومی خزانے میں 220 ارب روپے جمع کرائے جبکہ 10 سال پر محیط ن لیگی دورِ حکومت میں انتہائی معمولی رقم جمع کی گئی۔ 

یاد رہے کہ ڈھائی برس سے زائد عرصہ قبل اقتدار سنبھالنے والی پی ٹی آئی حکومت نے سن 2018ء کے عام انتخابات بدعنوانی کے اختتام اور احتساب کے ساتھ ساتھ قانون کی حکمرانی کے نعروں کے تحت لڑے اور الیکشن جیت کر اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے سرگرم ہوگئی۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔احتساب کا عمل جاری رہے گا اور حکومت قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر رہے گی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت 3 روز قبل منعقد ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔ ہماری پوری سیاسی جدوجہد ہی لاقانونیت کے خلاف تھی۔

مزید پڑھیں: بلیک میل نہیں ہوں گے، قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے، وزیر اعظم

Related Posts