چیٹ جی پی ٹی کیا کرسکتا ہے اور کیا نہیں؟ دلچسپ حقائق سامنے آگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Chat GPT - Software
(فوٹو: اَن سپلیش)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

چیٹ جی پی ٹی ایک ایسے آن لائن چیٹ بوٹ کا نام ہے جس نے انٹرنیٹ کی دنیا میں آتے ہی طوفان برپا کردیا اور اس کے متعلق بڑے بڑے دعوے بھی کیے جارہے ہیں لیکن کچھ دلچسپ حقائق ایسے بھی ہیں جن پر عموماً توجہ نہیں دی جاتی۔

سان فرانسسکو کی کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی جیسے تہلکہ خیز لینگویج ماڈل کو تیار کیا جسے بہت سے موضوعات پر معلومات دی گئیں لیکن یہ ماڈل 2021 کے آخر تک ہی معلومات پیش کرسکتا ہے، اس کا تازہ ترین ماڈل جنوری 2023 تک اپ ڈیٹ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔

ابتدائی طور پر ریلیز کیے جانے کے بعد 10 لاکھ افراد نے حیران کن اور مفید نتائج کا مشاہدہ کیا۔ چیٹ جی پی ٹی بصیرت افروز اور حکمت سے بھرپور جوابات دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کیلئے اس کی معلومات مختلف ذرائع سے لی جاتی ہے، بعض ماڈلز انٹرنیٹ سے کنیکٹ بھی کرسکتے ہیں۔

انٹرنیٹ سے کنیکٹ کرنے والے ماڈلز جن میں یوڈاٹ کام اور پرپلیکسیٹی شامل ہیں، اپنی طرف سے صارفین کو کسی بھی بات کے غلط یا صحیح ہونے کا نہیں بتاتے بلکہ صرف اتنا کہتے ہیں کہ آپ کے سوال کا جو جواب دیا گیا ہے، وہ انٹرنیٹ سے لی گئی معلومات پر مبنی ہے اور اس کے لنکس بھی دئیے جاتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے تشکیل دیا گیا چیٹ بوٹ سسٹم چیٹ جی پی ٹی انسانی گفتگو کو سمجھنے اور پر مغز جوابات دینے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کے جوابات دیکھ کر صارفین یہ سمجھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ جیسے چیٹ جی پی ٹی ان کے دوست کا کردار ادا کرسکتا ہے تاہم یہ سچ نہیں ہے۔

چیٹ جی پی ٹی بہت سے سوالات کا غلط جواب بھی دیتا ہے اور بعض اوقات وہ جواب اتنا احمقانہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس پر ہنسی آجائے۔ اس لیے حساس معلومات، طبی تشخیص یا اہم معاملات پر کلیدی یا تاریخی گفتگو کرتے ہوئے یہ پہلو مدِ نظر رکھنا انتہائی اہم ہے کہ چیٹ جی پی ٹی پر مکمل انحصار نہیں کیاجاسکتا۔

سائنس کے متعلق بہت سی اہم معلومات کا خزانہ رکھنے کے باوجود چیٹ جی پی ٹی میں اپنے طور پر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ جمع، تفریق، ضرب یا تقسیم جیسے عوامل سرانجام دے سکے، تاہم اپنی معلومات کی بنیاد پر یہ تعلیمی اندازے لگاتا ہے جو بہت سے ریاضیاتی سوالوں میں بھی درست ثابت ہوسکتے ہیں۔

دنیا بھر کی متعدد ملازمتیں چیٹ جی پی ٹی کے باعث داؤ پر لگی ہوئی ہیں، ایڈیٹرز، رپورٹرز، تجزیہ کار، کسٹمر سروس ایجنٹس، ڈاکٹرز اور انجینئرز کی جگہ بھی چیٹ جی پی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے روبوٹس کو فرائض کی انجام دہی پر مامور کرنے کا سوچا جارہا ہے۔

لاکھوں افراد ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں کیونکہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے دنوں کا کام گھنٹوں اور منٹوں میں کیا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے ایسے ملازمین کی اہمیت بڑھ گئی ہے جو اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہی وقت میں زیادہ سے زیادہ کام سرانجام دے سکیں۔

حیرت انگیز طور پر چیٹ جی پی ٹی بہت ہی پیچیدہ کاموں اور انجینئرنگ یا طب و سائنس کے نظریات کو انتہائی سادہ زبان میں پیش کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے چاہے آپ وارم ہولز، ڈارک میٹر یا کسی بھی دیگر پیچیدہ سوال کا جواب آسان بنا کر پیش کرنے کی فرمائش کریں، یہ کام ہوجائے گا۔

بعض دلچسپ سوالات

کیا چیٹ جی پی ٹی متعدد زبانوں میں بات کرسکتا ہے اور کیا اردو بھی اس میں شامل ہے؟

جی ہاں، چیٹ جی پی ٹی متعدد زبانوں میں بات کرسکتا ہے جن میں انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی اور جرمن زبانیں شامل ہیں تاہم اردو سمیت ایشیائی اور بہت سی دیگر زبانوں میں ابھی چیٹ جی پی ٹی کو مزید ٹریننگ دینے کی ضرورت ہے۔

چیٹ جی پی ٹی اپنا ردِ عمل کیسے سیکھتا اور بہتر بناتا ہے؟

دراصل چیٹ جی پی ٹی مشین لرننگ الگوردھم کا استعمال کرتا ہے اور ڈیٹا کی وسیع مقدار سے سیکھ سکتا ہے۔ صارفین چیٹ جی پی ٹی سے جو بات چیت کرتے ہیں اور اسے جو ٹریننگ دی جاتی ہے، اس کے حساب سے ردِ عمل دے سکتا ہے۔

کیا چیٹ جی پی ٹی شاعری کرسکتا ہے؟ کہانی لکھ سکتا ہے؟

جی ہاں، چیٹ جی پی ٹی انگریزی شاعری بہت اچھی کرتا ہے اور کہانی نگاری کیلئے بھی اچھا ہے لیکن ایک پروفیشنل کہانی نگار یا شاعر کو چیٹ جی پی ٹی پر مکمل انحصار نہیں کرنا چاہئے۔ اپنا دماغ استعمال کرنا ہی بہتر رہتا ہے۔

ہم چیٹ جی پی ٹی سے مذاق بھی کرسکتے ہیں؟ اور کیا چیٹ جی پی ٹی لطیفے تخلیق کرسکتا ہے؟

یہ درست ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے مذاق کیا جاسکتا ہے لیکن جس انداز سے سوال پوچھا جاتا ہے، چیٹ جی پی ٹی کو جو ہدایت دی جاتی ہے، وہ اسی کے حساب سے جواب دیتا ہے۔ اگر اسے بتایا جائے کہ اس سے مذاق کیا جائے گا اور وہ مذاق کے اندازمیں ہی جواب دے تو ایسا ہوگا اور لطیفے بھی اسی طرح واضح ہدایت دے کر تخلیق کروائے جاسکتے ہیں۔

اگر کوئی شخص اپنی ذاتی زندگی، نفسیاتی یا ازدواجی تعلقات کے متعلق مسائل چیٹ جی پی ٹی کو پیش کرے اور حل تلاش کرنا چاہے تو کیسا رہے گا؟

اس میں کوئی ہرج نہیں کہ کوئی شخص اپنی ذاتی زندگی کے مسائل، نفسیاتی مسائل یا ازدواجی تعلقات جیسے حساس نوعیت کے معاملات پر بھی چیٹ جی پی ٹی سے بات چیت کرے، لیکن اپنی حساس معلومات چیٹ جی پی ٹی کو نہ دے، مثال کے طور پر اپنی اہلیہ کا نام، دوستوں کے فون نمبرز، پتے، کریڈٹ کارڈ نمبرز وغیرہ، کیونکہ یہ معلومات اوپن اے آئی دیکھتی ہے اور چیٹ جی پی ٹی آپ کے مسئلے کا جو حل بتائے، اس پر انٹرنیٹ سمیت دیگر ذرائع سے بھی تحقیق ضروری ہے۔

کوئی شخص چیٹ جی پی ٹی سے مبہم یا پیچیدہ سوال کرے تو کیا ہوگا؟

عموماً چیٹ جی پی ٹی پیچیدہ یا مبہم سوالات سے نمٹنے کیلئے پہلے پوچھے گئے سوالات سے رجوع کرتا ہے اور تفہیم و تخمینہ کی تکنیک کا استعمال کرتا ہے، سوال کو توڑتا ہے، کلیدی اجزاء شناخت کرتا ہے اور فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر جواب دیتا ہے اور بعض اوقات وضاحت بھی طلب کرلیتا ہے کہ آپ پوچھنا کیا چاہتے ہیں؟ آپ کی وضاحت جتنی اچھی ہوتی ہے، اتنا ہی اچھا جواب ملتا ہے۔

Related Posts