فواد عالم کی سنچری کام نہ آئی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے ہرا دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فواد عالم کی سنچری کام نہ آئی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے ہرا دیا
فواد عالم کی سنچری کام نہ آئی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے ہرا دیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ماؤنٹ مانگا نوئی: قومی کرکٹ ٹیم کو جیتنے کیلئے فواد عالم کی سنچری اور کپتان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ بھی کسی کام نہ آسکی جبکہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے سنچری اسکور کرکے متعدد اعزازات اپنے نام کیے، فواد عالم نے 11 سال بعد سنچری بنائی جو ٹیسٹ میچز میں ان کی دوسری سنچری تھی، قبل ازیں فواد عالم کو سنچری اسکور کرنے کا موقع 2009ء میں ملا جب انہوں نے پہلی بار قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ٹیسٹ کھیلا تھا۔

نیوزی لینڈ میں فواد عالم کی یہ سنچری چوتھی اننگز میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی پہلی سنچری ہے جس کے ساتھ ہی فواد عالم ایشیاء سے باہر چوتھی اننگز کے دوران وکٹ پر سب سے زیادہ جم کر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

رواں صدی کے دوران 360 منٹ سے زائد وقت فواد عالم نے وکٹ پر ٹک کر کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی طرف سے سب سے زیادہ وقت کھڑے رہنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ قبل ازیں یہ ریکارڈ اسد شفیق کے نام تھا جو 2016ء میں برسبین ٹیسٹ کے دوران چوتھی اننگز میں 336 منٹ تک بیٹنگ کرتے رہے۔

فواد عالم کے تمام تر اعزازات کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم دوسری اننگز میں مطلوبہ ہدف پورا کرنے میں ناکام رہی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 373 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی کرکٹ ٹیم پورا نہیں کرسکی۔

پہلی اننگز کے دوران 431 رنز پر آؤٹ ہونے والی نیوزی لینڈ ٹیم نے 180 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ پہلی اننگز میں قومی کرکٹ ٹیم 239رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

دوسری اننگز میں اوپنرز شان مسعود اور عابد علی کوئی اسکور بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ اظہر علی نے 120 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ حارث سہیل نے 46 گیندیں کھیل کر 9 رنز بنائے جبکہ فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز بنا کر قومی کرکٹ ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی تاہم آگے چل کر یہ پوزیشن برقرار نہ رہ سکی۔

کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 191 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے۔ فہیم اشرف 28 گیندوں پر 19 رنز بنا سکے جبکہ یاسر شاہ کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ محمد عباس نے 26 گیندیں کھیل کر 1 رن بنایا۔

باؤلرز شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے بالترتیب 8 رن اور 1 رن کی اننگز کھیلی۔ مجموعی طور پر قومی کرکٹ ٹیم 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فال آف وکٹس کے اعتبار سے پاکستان کی پہلی اور دوسری وکٹ 0 جبکہ تیسری 37 رنز پر گری۔

چوتھی وکٹ 75 رنز، پانچویں 240، چھٹی 242، ساتویں 251، آٹھویں 259، نویں 261 جبکہ 10ویں 271 کے رنز پر گر گئی۔ فواد عالم 102 جبکہ محمد رضوان 60 رنز بنا کر دوسری اننگز کے نمایاں بیٹسمین رہے۔ 

  یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف  پہلی اننگز میں قومی کرکٹ ٹیم 239 رنز پر ڈھیر

Related Posts