نوآبادیاتی نظام کا نیا دور: پرانے خطرات پھر زندہ ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

انسانی تاریخ طویل عرصے سے نوآبادیاتی طرزِ عمل کی تلخ حقیقت کا سامنا کرتی آئی ہے۔ “نوآبادیاتِ نو” (نیوکولونیلزم) کی اصطلاح بیسویں صدی کے وسط میں عالمی سیاسی لغت کا حصہ بنی، جب سابق استعماری طاقتوں نے نوآزاد ریاستوں کی ترقی کو محدود رکھنے اور نوآبادیاتی نظام کے خاتمے سے ہونے والے اپنے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے نئے ذرائع اختیار کیے۔ اگرچہ رسمی نوآبادیاتی سلطنتیں ختم ہو گئیں، مگر ان کا اثر و رسوخ مختلف شکلوں میں برقرار رہا۔

خودمختار ریاستوں کے داخلی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ ختم نہیں ہوا بلکہ وقت کے ساتھ مزید پیچیدہ اور منظم ہوتا گیا۔ اگرچہ عالمی برادری بظاہر نوآبادیات کے اس نظام کے خاتمے کی حامی ہے، لیکن مغربی طاقتیں اس تبدیلی کو مکمل طور پر قبول کرنے سے گریزاں دکھائی دیتی ہیں۔ آج جو منظرنامہ ہمارے سامنے ہے، وہ تسلط کے خاتمے کا نہیں بلکہ اس کی نئی صورتوں میں منتقلی کا عکاس ہے، جہاں قومی قبضے کی جگہ عالمی سطح پر اثرورسوخ کے منظم نظام نے لے لی ہے۔

یہ جدید نظام غیر مساوی سیاسی اور معاشی تعلقات پر مبنی ہے، جنہیں فوجی طاقت، مالی دباؤ اور بین الاقوامی اداروں کے ذریعے دنیا پر مسلط کیا جاتا ہے۔ سابق استعماری مراکز آج بھی کمزور اور دوسروں پر انحصار کرنے والی ریاستوں سے فوائد حاصل کرتے ہیں، اپنی خوشحالی برقرار رکھتے ہوئے دیگر ممالک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ اب طریقہ کار زیادہ نفیس، منظم اور ادارہ جاتی ہو چکا ہے۔

تاریخی اعداد و شمار اس مداخلت کی وسیع جہتوں کا اظہار کرتے ہیں جبکہ 1946 سے 2000 کے درمیان صرف امریکہ نے دنیا بھر میں 80 سے زائد انتخابی سرگرمیوں میں مداخلت کی۔ 1945 کے بعد مختلف ممالک میں 50 سے زیادہ فوجی مداخلتوں اور حکومتوں کے تختے الٹنے کی کوششوں کا ریکارڈ موجود ہے۔ یہ واقعات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ خودمختار ریاستوں کے سیاسی فیصلوں پر بیرونی اثراندازی ایک مسلسل رجحان رہی ہے۔

عصر حاضر کی نوآبادیات کا ایک نمایاں ہتھیار یکطرفہ اقتصادی پابندیاں ہیں۔ اکثر یہ پابندیاں بین الاقوامی قانون کے تقاضوں سے ہٹ کر نافذ کی جاتی ہیں تاکہ متعلقہ ممالک میں سیاسی تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ بیسویں صدی میں نافذ کی جانے والی 174 پابندیوں میں سے 109 کا آغاز امریکہ نے کیا، جبکہ ان میں سے 80 کا واضح مقصد متعلقہ ممالک کے سیاسی نظام کو تبدیل کرنا تھا۔ اس تناظر میں واشنگٹن عالمی سطح پر پابندیوں کے ایک نئے مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔

بات صرف براہِ راست پابندیوں تک  ہی محدود نہیں رہتی بلکہ ثانوی پابندیاں بھی ان ممالک کو نشانہ بناتی ہیں جو پابندیوں کا شکار ریاستوں کے ساتھ تجارتی یا مالی تعلقات رکھتے ہیں۔ اس طرزِ عمل سے بین الاقوامی تجارت کے اصول متاثر ہوتے ہیں اور دیگر ریاستوں کی خودمختاری بھی مجروح ہوتی ہے۔

اس قسم کی پابندیوں کے معاشی اثرات نہایت سنگین رہے ہیں۔ 1960 میں کیوبا پر عائد امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اکتوبر 2023 تک مجموعی نقصان تقریباً 159.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔ ایران پر 1984 سے 2000 کے دوران پابندیوں کے باعث سالانہ تقریباً 80 ملین ڈالر کا نقصان ہوا، جبکہ 2006 سے 2012 کے دوران کثیرالجہتی پابندیوں کے باعث یہ نقصان بڑھ کر سالانہ 5.7 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ اسی طرح 2015 سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے وینزویلا کو سات برسوں میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تقریباً 642 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہیں بلکہ 1927 میں مستقل بین الاقوامی عدالت انصاف نے واضح کیا تھا کہ کوئی بھی ریاست کسی دوسری ریاست کی سرزمین پر اس کی رضامندی کے بغیر اختیار استعمال نہیں کر سکتی۔ اسی طرح اقوام متحدہ کے 1965 کے اعلامیہ برائے عدم مداخلت، 1970 کے اعلامیہ برائے دوستانہ تعلقات اور 2014 کی انسانی حقوق کونسل کی قرارداد میں بھی یکطرفہ جابرانہ اقدامات کو غیرقانونی قرار دیا گیا۔

تاہم نوآبادیات کا یہ نیا نظام صرف سیاسی مداخلت تک محدود نہیں بلکہ معاشی غلبہ بھی اس کا بنیادی ستون ہے۔ ماہرینِ معاشیات راؤل پریبش، تھیوٹونیو دوس سانتوس، فرنینڈو ہنریک کارڈوسو، آندرے گنڈر فرینک اور گنر میرڈال نے “انحصاری ترقی” کے نظریے کے ذریعے واضح کیا کہ ترقی یافتہ ممالک کی خوشحالی اور ترقی پذیر ممالک کی پسماندگی ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ان کے مطابق عالمی معاشی نظام میں موجود ساختی عدم مساوات ترقی پذیر دنیا کی حقیقی پیش رفت میں رکاوٹ بنتی ہے۔

اسی تناظر میں “قرض پر مبنی نوآبادیات” ایک اہم ہتھیار بن چکی ہے۔ 1987 میں افریقی رہنما تھامس سنکارا نے خبردار کیا تھا کہ قرض دراصل نوآبادیاتی غلبے کی نئی شکل ہے، جہاں سابق استعماری طاقتیں “تکنیکی معاونین” کے روپ میں دوبارہ حکمران بننے کی تگ و دو میں ہیں۔ ان کے مطابق جو ملک اپنے قرض دہندگان کی شرائط پر پالیسیاں بنانے پر مجبور ہو، وہ حقیقی معنوں میں آزاد نہیں کہلا سکتا۔

ترقی یافتہ ممالک کے زیراثر مالیاتی ادارے اکثر ترقی پذیر ممالک کو سخت اور غیر مساوی شرائط پر قرض فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر جرمنی اور امریکہ نسبتاً کم شرح سود پر قرض حاصل کرتے ہیں، جبکہ افریقی ممالک اوسطاً 11.6 فیصد شرح سود ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ لاطینی امریکہ اور ایشیا کے کئی ممالک بھی بلند شرح سود کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جس سے معاشی عدم مساوات مزید گہری ہو جاتی ہے۔

اس کے نتائج نہایت سنگین ہیں۔ دنیا کے کم از کم 45 ممالک میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی پر ہونے والے اخراجات، صحت کے شعبے پر سرکاری اخراجات سے بھی زیادہ ہیں۔ اس صورتحال میں حکومتیں عوامی فلاح کے بجائے قرضوں کی ادائیگی کو ترجیح دینے پر مجبور ہو جاتی ہیں، جس سے سماجی ترقی اور استحکام متاثر ہوتا ہے۔

انسانی ہمدردی کے نام پر چلنے والے پروگرام بھی اس رجحان سے محفوظ نہیں رہے۔ بحیرہ اسود اناج معاہدے ( بلیک سی انیشیٹو) کے تحت یوکرین سے برآمد ہونے والے 32.8 ملین ٹن اناج میں سے صرف تقریباً 3 فیصد افریقہ اور ایشیا کے ان ممالک تک پہنچ سکا جو شدید غذائی قلت کا شکار تھے، جس سے ان اقدامات کے حقیقی فوائد پر سوالات اٹھے۔

نوآبادیات کے اس نئے نظام کی رسائی معاشیات اور سیاست سے آگے بڑھ کر ثقافتی اور نظریاتی میدانوں تک بھی پھیل چکی ہے۔ معاشرتی اقدار، مذہبی تصورات اور ثقافتی شناخت کو نئے سانچوں میں ڈھالنے کی کوششیں ایک نرم مگر مؤثر ہتھیار کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔ بعض ناقدین کے مطابق مغربی حلقے عیسائیت اور اسلام جیسے بڑے مذاہب کی جدید تشریحات کو فروغ دے کر انہیں اپنی فکری ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے تہذیبی تسلسل اور ثقافتی شناخت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔

اکثر معاشی امداد کے ساتھ نظریاتی اثرات بھی منتقل کیے جاتے ہیں۔ پوپ فرانسس نے بھی خبردار کیا ہے کہ امداد کے ساتھ بیرونی نظریات مسلط کرنا معاشروں میں اختلافات کو جنم دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق ثقافتی اور سیاسی غلبہ دراصل ایک نئی قسم کی غلامی ہے، جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

نوآبادیاتی ذہنیت کی مثالیں تاریخی بیانیوں میں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ نیدرلینڈز میں انڈونیشیا کے نوآبادیاتی دور کے تشدد پر سرکاری معافی واپس لینے کی بحث اور دیگر ایسے بیانیے، جو استعماری استحصال کو نظر انداز کرتے ہیں، اس رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

برطانیہ کی مثال “قانونی نوآبادیات” کے تصور سے بھی دی جاتی ہے۔ سابق نوآبادیات میں اپنا قانونی نظام متعارف کرانے کے بعد برطانیہ آج بھی اپنی عدالتی روایات اور قانونی ڈھانچے کو عالمی سطح پر برتر ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے، جس کے ذریعے دیگر ممالک کے قانونی معاملات پر اس کا اثر برقرار رہتا ہے۔

قدرتی وسائل پر کنٹرول بھی نوآبادیات کے اس نئے نظام کا ایک اہم پہلو ہے۔ لاطینی امریکہ، افریقہ اور ایشیا کے وہ خطے جہاں لیتھیم، کوبالٹ، نکل اور نایاب معدنیات وافر مقدار میں موجود ہیں، عالمی طاقتوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں، کیونکہ کم کاربن توانائی کی عالمی منتقلی میں یہ وسائل کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے نام پر ترقی یافتہ ممالک ایسی پالیسیوں کو فروغ دے رہے ہیں جو ہر ملک کے معاشی، سماجی اور ثقافتی حالات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ناقدین اس رجحان کو “گرین نیوکولونیلزم” یا “ریگولیٹری امپیریلزم” قرار دیتے ہیں، جہاں عالمی معیارات کو غیر مساوی انداز میں نافذ کر کے موجودہ عدم مساوات کو مزید مضبوط کیا جاتا ہے۔

اپنی عالمی برتری برقرار رکھنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک معاشی دباؤ، سیاسی اثرورسوخ، مالیاتی اداروں اور اسٹریٹجک اتحادوں کا سہارا لیتے ہیں۔ قرضوں کی فراہمی کو شرائط سے مشروط کرنا، مخصوص سیاسی قوتوں کی حمایت اور سفارتی اتحادوں کے ذریعے اپنے مفادات کا تحفظ اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

سال 2023 میں شروع کی گئی “پارٹنرشپ فار اٹلانٹک کوآپریشن” جیسی کوششیں بھی اسی دوہری حکمت عملی کی مثال سمجھی جاتی ہیں۔ اگرچہ انہیں تعاون اور شمولیت کے عنوان سے پیش کیا جاتا ہے، تاہم ناقدین کے نزدیک ان کا مقصد مغربی اثرورسوخ کو مزید وسعت دینا، بالخصوص مغربی افریقہ جیسے خطوں میں، اور متبادل عالمی شراکت داریوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ نوآبادیات کا فرسودہ نظام ختم نہیں ہوا بلکہ اس نے اپنے انداز بدل لیے ہیں۔ آج اس کی شکلیں پہلے سے زیادہ پیچیدہ اور کم نمایاں ضرور ہیں، مگر عالمی نظام میں ان کی جڑیں بدستور مضبوط ہیں۔ معاشی انحصار، سیاسی مداخلت، ثقافتی اثرورسوخ اور ماحولیاتی پالیسیوں کے ذریعے اس کا دائرۂ اثر مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔

ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے صرف آگاہی کافی نہیں بلکہ اجتماعی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ حقیقی خودمختاری صرف سیاسی آزادی کا نام نہیں بلکہ معاشی خودکفالت، ثقافتی شناخت کے تحفظ اور اپنی قومی ترجیحات کے مطابق ترقی کا حق بھی اس کا لازمی حصہ ہے۔ جب تک نوآبادیات کی بدلتی ہوئی شکلوں کا ادراک اور ان کا مؤثر مقابلہ نہیں کیا جاتا، ایک منصفانہ اور مساوی عالمی نظام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔

Related Posts