امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کے حالیہ پیٹرول ریلیف پیکج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوامی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کے لیے جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان 7 اکتوبر کے بعد کرے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 21 ستمبر کو وزیراعظم کی اپیل اور قیادت سے ملاقات کی یقین دہانی پر اپنا مارچ موخر کیا تھا تاہم وزیراعظم کی وطن واپسی کے باوجود اب تک ملاقات نہیں ہوسکی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ موجودہ ریلیف پیکج ملک کے کروڑوں موٹر سائیکل سواروں سمیت تمام متاثرہ شہریوں کے مسائل حل نہیں کرسکتا۔ ان کے مطابق مہنگائی سے مستقل ریلیف کا واحد راستہ پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہے۔
انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام پر اضافی ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ بڑھنے کے باوجود سیاسی جماعتیں موثر آواز کیوں نہیں اٹھا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اور عام شہریوں کے لیے الگ الگ نظام مزید قابل قبول نہیں۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بھی حکومت مخالف سرگرمیوں کا اعلان کردیا ہے۔ جے یو آئی کے مطابق 15 اکتوبر کو ملتان میں مفتی محمود کانفرنس منعقد ہوگی جس سے مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق کانفرنس میں مہنگائی، بدامنی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا اعلان کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








