بھارتی ریاست بہار میں 26 سالہ نوجوان شِو شنکر کو مبینہ طور پر اپنے والد کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی اجے دیوگن فلم دریشیم 3 دیکھنے کے بعد مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کے مطابق ملزم سورت میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رہتا تھا اور خاندانی زمین کے تنازع پر والد سے اس کے تعلقات کشیدہ تھے۔ مبینہ طور پر فلم دیکھنے کے بعد وہ تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سفر کرکے اپنے آبائی گاؤں پہنچا اور گھر کے پچھلے دروازے سے داخل ہوکر سوئے ہوئے والد پر کلہاڑی سے حملہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے سفر کے دوران موبائل فون بند رکھا تاہم پٹوری ریلوے اسٹیشن پر فون دوبارہ آن کرکے اہلیہ سے رابطہ کیا، جس سے تفتیش کاروں کو اہم سراغ ملا۔ تکنیکی نگرانی اور کال ریکارڈز کی مدد سے پولیس نے اسے سورت سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر جرم کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔ اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








