بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت جمعرات کے دن بھی مسلسل دوسرے روز گر گئی جس کے بعد سونے کی قیمتیں 7ماہ کی کم ترین سطح کے قریب آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.4فیصد کمی ہوئی جس کی نئی قیمت 3 ہزار 985اعشاریہ 89ڈالرز فی اونس ہوگئی جبکہ بدھ کے روز یہ قیمت نومبر 2025 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر دیکھی گئی تھی۔
اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز برائے اگست ڈلیوری کی قیمت بھی 0.2فیصد کمی سے 4ہزار 1اعشاریہ 60ڈالرز فی اونس رہی۔ بدھ کے روز سونے کو پہلی بار نومبر 2025 کے بعد 4ہزار ڈالرز فی اونس کی اہم نفسیاتی سطح سے بھی نیچے دیکھا گیا تھا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ سونے کی طلب امریکی ڈالر کے استحکام اور شرح سود میں اضافے کے امکانات کے باعث گر رہی ہے اور طلب میں یہ گراوٹ سونے کی قیمت کم کرنے کا باعث بن رہی ہے جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 0اعشاریہ 2فیصد کی کمی سے 57اعشاریہ 33ڈالرز فی اونس، پلاٹینم 0اعشاریہ 2فیصد کمی سے 1 ہزار 575اعشاریہ 85ڈالرز فی اونس جبکہ پیلیڈیم کی قیمت 0اعشاریہ 3فیصد اضافے سے 1 ہزار 170 اعشاریہ 25ڈالرز فی اونس تک جاپہنچی۔
خیال رہے کہ پیر کے روز آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا تھا کہ 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 400روپے کی کمی ہوئی ہے جس سے سونا 4لاکھ 32 ہزار 236روپے کی سطح پر آگیا جبکہ 10گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 360 روپے کم ہو کر 3لاکھ 68 ہزار 985روپے ہوگئی تھی۔ توقع کی جارہی ہے کہ سونے کی قیمت پاکستان میں بھی مزید گرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








