امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کل پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ اور اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق یو این چیف انتونیو گوتریس کے اس دورے میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں شیڈول کی گئی ہیں جن میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے تصدیق کی ہے کہ سیکرٹری جنرل کے اس دورے کا ایک اہم ترین ایجنڈا مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا ہے۔
اپنے اس دورے کے دوران انتونیو گوتریس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ ملک میں قدرتی آفات، بالخصوص ماضی کے تباہ کن سیلابوں سے نمٹنے کے لیے حکومتی تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کا قریب سے جائزہ لیں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان اور بھارت کے لیے قائم اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب وہ اس سے قبل سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی پاکستان کا ہنگامی دورہ کرچکے ہیں اور ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








