ملکی دفاع بہادر اور تربیت یافتہ فوج کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ملکی دفاع بہادر اور تربیت یافتہ فوج کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم
ملکی دفاع بہادر اور تربیت یافتہ فوج کے ہاتھ میں ہے، وزیراعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی دفاع بہادر، نڈر اور جنگجو فوج کے ہاتھ میں ہے، پاک فوج نے اپنی بھرپور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے دشمنوں کے سازشی منصوبے ناکام بنائے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں فوج کے شرکا سے خطاب کیا اور ملکی صورت حال اور دشمن کی سازشوں پر روشنی ڈالی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی عملداری، وسیع تراحتساب اور انصاف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات میں سے ہیں۔  

وزیراعظم نے کہا کہ ایک قوم بن کر اسلامی اصولوں کے مطابق ریاست آگے بڑھ سکتی ہے، قائد اعظم، علامہ اقبال کے نظریات کو حقیقت بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ہر شعبے میں ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور آٹو میشن کے لیے مربوط اقدامات اٹھائے گئے ہیں، افسران ناکامی کے ڈر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ پہنچے تھے۔ اس موقع پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو سیکیورٹی صورت حال، پیشہ ورانہ تیاریوں، پاک ایران، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سپہ سالار کو صوبائی حکومت کے ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی کے اقدامات سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قیام امن کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کی ہدایت کی اور افسروں و جوانوں کی سنجیدہ کوششوں اور بلند عزم کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دیرپا امن کے لیے تمام کوششیں کرے گی، سماجی، اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، دہشت گردوں کو امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی حکام اور چھ فرنچائز مالکان کا ورچوئل اجلاس، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا شیڈول تیار

Related Posts