کراچی:میئر کراچی وسیم اختر نے بیٹے کے ہاتھوں زخمی حسنین سے معافی مانگ لی اور کہاہے کہ اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہئے تھا ، ہم سب بھائی ہیں۔ حسنین حیدر نے تیمور اختر کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی یقین دہانی کرادی۔
ہفتہ کومیئر کراچی وسیم اختر بیٹے کے ہاتھوں زخمی حسنین کے گھر صلح کے لئے پہنچے اور بیٹے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے زخمی نوجوان کے والد محبوب عباسی سے معذرت کرلی۔
میئروسیم اختر نے کہاکہ اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہئے تھا، ہم سب بھائی ہیں اور بھائیوں کے درمیان غلط ہوا،جس کے بعد حسنین حیدر نے تیمور اختر کو معاف کردیا اور مقدمہ واپس لینے کا وعدہ کرلیا۔
یاد رہے گذشتہ روز میئر کراچی وسیم اخترکے بیٹے تیمور اختر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ نوجوان حسنین حیدر نے درخشاں تھانے میں درج کرایا تھا۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت نے میٹرک پاس اکبر ایوب کو وزارت تعلیم کا قلمدان سونپ دیا