کرتارپور راہداری سے پاکستان کا پر امن تشخص پوری دنیا میں اُجاگر ہوگا۔اسد قیصر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Asad Qaiser, Shehbaz Sharif discusses coronavirus situation

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری سے پاکستان کا پر امن تشخص دُنیا بھر میں اجاگر ہوگا جبکہ یہ فیصلہ اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کرتار پور راہداری کی تعمیر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا اہم تاریخی اقدام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کی سفارش پر ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا، وزیراعظم عمران خان

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا تاریخی افتتاح پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی کی پالیسی کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے جبکہ اس سے پر امن ہمسائیگی کے اصولوں کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔

اسد قیصر نے کہا کہ سکھ برادری بہت عرصے سے یہ خواہش رکھتی تھی کہ کرتار پور راہداری سے پاکستان آمد اور عبادت کا راستہ دیا جائے جسے وزیر اعظم عمران خان نے پورا کیا ، سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات کی زیارت کا موقع ملے گا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دینے کے ساتھ ساتھ مذہبی عبادات کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے جبکہ بابا گرونانک نے ہمیشہ انسان دوستی کی تعلیم دی۔

انہوں نے کہا کہ امن کے سفیر بابا گرونانک نے ساری زندگی انسانیت اور امن و آشتی کو فروغ دیا ، میں ان کے 550ویں جنم دن کے موقعے پر  سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 

یاد رہے کہ وزیر اعظم  پاکستان عمران خان آج کرتار پور راہداری منصوبے کا  افتتاح کریں گے جبکہ آج سکھ مذہب کے روحانی پیشوا و بانی بابا گرونانک کے تاریخی موقعے پر سکھ برادری خوشی سے نہال ہے۔

دُنیا بھر سے سکھ یاتری کرتارپور راہداری منصوبے کے افتتاح کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ بھارت کے ساتھ ساتھ کینیڈا، برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی سکھ برادری نے پاکستان کا رُخ کرلیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے، سکھ برادری خوشی سے نہال

Related Posts