کے الیکٹرک کا لائنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیاجائے،حافظ نعیم الرحمن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینئر صحافی اطہر متین قتل کی ذمہ دار سندھ حکومت اور پولیس ہے، حافظ نعیم الرحمن
سینئر صحافی اطہر متین قتل کی ذمہ دار سندھ حکومت اور پولیس ہے، حافظ نعیم الرحمن

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء اور گورنر سندھ کی یقین دہانیوں اور اعلانات کے باوجود کے الیکٹرک نے بدستور لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہے؟۔کے الیکٹرک کا لائنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وسائل فراہم کریں۔ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں۔کراچی کے جعلی ڈومیسائل پر کراچی کے نوجوانوں کا حق مار کر سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی بھرتیاں فوری طور پر منسوخ کی جائیں۔

چیف جسٹس عدالت میں تین سال سے کے الیکٹرک کے خلاف زیر التوا مقدمے کی سماعت فوری یقینی بنائیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت لانڈھی، بابر مارکیٹ الرازی چوک پر کے الیکٹرک کے خلاف ایک بڑے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں کیا۔

دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنا ن اور عوام کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔احتجاجی دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں حکومت اور کے الیکٹرک کے خلاف پلے کارڈز اور بینر بھی اُٹھائے ہوئے تھے اور وہ پُر جوش اندازمیں کے الیکٹرک اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف واٹر بورڈ کے خلاف بھی نعرے لگا رہے تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 70سال سے اس ملک میں ایک کھیل جاری ہے اور اشرافیہ دونوں ہاتھوں سے ملک اور قوم کو لوٹ رہی ہے۔غریب عوام مہنگائی وغربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور لوگوں کے گھروں میں بجلی اور پانی نہیں ہے لیکن ہزاروں روپے کے بل آجاتے ہیں۔

کراچی کے عوام پانی کو ترس رہے ہیں۔ملک کی معیشت میں 70فیصد سے زائد ریونیو ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔اربوں روپے کے بجٹ رکھنے والے میئر نے اختیارات نہ ہو نے کا رونا رو روکر چار سال گزار دیئے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں مستقل اضافہ ہورہا ہے اور دو سال میں آٹے کی قیمت دگنی ہوچکی ہے۔زرعی ملک میں آٹے اور چینی کابحران کرپشن کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ظلم کے خلاف اُٹھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی آواز ہے۔

عوام اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔کراچی کے عوام اگرہزاروں کی تعدادمیں گورنر ہاؤس کے باہر بیٹھ جائیں تو حکمران کے الیکٹرک کا لائنس منسوخ کر نے پر مجبور ہوں گے اور عوام کے گھروں میں بجلی اورپانی بھی آئے گا۔

Related Posts