جہانگیر ترین کی ضمانت میں 11 جون تک توسیع، ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

JAHANGIR TAREEN LIKELY TO RETURN TO PAKISTAN NEXT WEEK

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: عدالت نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کردی جبکہ عدالت کے علم میں لائے بغیر مقدمے کے تفتیشی افسر کا تبادلہ کرنے والے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین ہتھکنڈے نہ اپنائیں، وزیراعظم دباؤ میں نہیں آئیں گے۔وزیرِ خارجہ

عدالت میں سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ان کیسز کی سماعت کا اختیار نہیں رہا۔ نئے ایڈیشنل سیشن جج ون کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ میں آج کوئی دلائل نہیں سن سکتا، صرف مقدمے کی اگلی تاریخ مقرر کرسکتا ہوں۔

مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ گزشتہ دنوں جہانگیر ترین کیس میں تحقیقات کے دوران کیا پیش رفت ہوئی؟عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مقدمے کے تفتیشی افسر رانا شہباز کو تبدیل کردیا گیا ہے بلکہ پورے ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہوئیں۔

اس موقعے پر معزز جج حامد حسین نے استفسار کیا کہ ڈی جی ہو یا کوئی اور اعلیٰ افسر، وہ کیسے کسی تفتیشی افسر کا تبادلہ کرسکتا ہے؟ وہ تفتیشی افسر کہاں ہیں جن سے بات کی جاسکے؟ میں تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق حقائق لکھوں گا۔ جس نے تبدیل کیا، اسے شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔

جہانگیر ترین اور دیگر ملزمان کے خلاف کارپوریٹ فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں آئندہ تاریخِ سماعت11 جون مقرر کردی گئی۔ عدالت نے تفتیشی افسر تبدیل کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ 

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا  کہ  تحریکِ انصاف میں فارورڈ بلاک کا تاثر غلط ہے، ہمارا گروپ کل نہیں بنا بلکہ گزشتہ 3 ماہ سے قائم ہے۔

رواں ماہ 19 مئی کے روز عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرے گروپ پر دباؤ ڈالا۔ گروپ کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک کا تاثر غلط، گروپ 3 ماہ سے قائم ہے۔جہانگیر ترین

Related Posts