غزہ میں جنگ بندی، حماس اور اسرائیل کا متنازعہ نکات پر اتفاق کیسے ہوا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: الجزیرہ)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

قاہرہ: غزہ میں جنگ بندی کے سلسلے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اسرائیل اور حماس کا متنازعہ نکات پر اتفاق ہوگیا جس کے بعد قتل و غارت کا سلسلہ بند ہونے کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔

نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین مصر اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات ہوئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کا مصری میڈیا کے حوالے سے کہنا ہے کہ قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران فریقین میں بنیادی اور متنازعہ نکات پر اتفاقِ رائے ہوا تاہم کن نکات پر اتفاق ہوا؟ یہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ بندی سے متعلق معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاقِ رائے کے بعد حماس اور قطر کے وفود واپس روانہ ہوگئے، توقع کی جارہی ہے کہ 2 روز بعد معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے گفتگو ہوگی اور امریکا اور اسرائیل آئندہ چند گھنٹوں تک جنگ بندی سے متعلق معاہدے پر مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔۔

 مذاکرات پر ہونے والی مذکورہ پیشرفت پر حماس کی قیادت نے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے اور قطر، امریکا یا اسرائیل کی جانب سے بھی مذاکرات کی تصدیق سامنے نہیں آسکی، تاہم غیر ملکی خبر رساں ادارے کا دعویٰ ہے کہ فریقین میں ہونے والے مذاکرات کے دوران اہم پیشرفت میں قطر اور مصر نے ثالثی کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی قطر نے جنگ بندی کیلئے مذاکرات میں ثالثی کی تھی اور پاکستان کی جانب سے بھی قطر کی ثالثی میں کامیاب مذاکرات کے عمل کو سراہا گیا تھا تاہم حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی برادری کے دباؤ میں نہ آنے کا عندیہ دیتے ہوئے حماس کے مطالبات منظور کرنے سے انکار کردیا تھا۔

حماس نے شرط رکھی ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کو رہائی دی جائے تاہم گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 75 ہزار سے زائد زخمی ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شامل ہیں اور ہزاروں فلسطینی تباہ کی گئی عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

Related Posts