ایشیائی ممالک کو معاشی اصلاحات کے جغرافیائی پہلو پر توجہ دینا ہوگی۔شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایشیائی ممالک کو معاشی اصلاحات کے جغرافیائی پہلو پر توجہ دینا ہوگی۔شاہ محمود قریشی
ایشیائی ممالک کو معاشی اصلاحات کے جغرافیائی پہلو پر توجہ دینا ہوگی۔شاہ محمود قریشی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

انقرہ: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایشیائی ممالک کو معاشی اصلاحات کے جغرافیائی پہلو(جیو اکنامکس) پر توجہ دینا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں ایشیاء میں علاقائی تعاون پر اعلیٰ سطحی مذاکرے انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کی جس میں کرغزستان، ملائشیا، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔

ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے براعظم کے ممالک کو مختلف تنازعات، محدود پالیسیوں، غربت، کورونا وائرس اور ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ترکی کے دورے پر موجود تھے جہاں انطالیہ سفارتی فورم کے تحت وزرائے خارجہ کے مابین سیر حاصل گفت و شنید ہوئی۔ فورم کا مرکزی خیال تخلیقی سفارت کاری کا نیا عہد رکھا گیا ہے۔

دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے ایشیائی ممالک کی توجہ براعظم میں باہمی تعاون اور تجارت کے فروغ کیلئے دستیاب مواقع کی طرف دلائی اور تجارت و سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

دورانِ گفتگو وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت خطے کے ممالک کیلئے عظیم مواقع پیدا کرنے کا سبب ہے اور پاکستانی خارجہ پالیسی پر بھی روشنی ڈالی۔

خارجہ پالیسی کے مختلف پہلو بیان کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی خارجہ حکمتِ عملی علاقائی رابطوں، ترقیاتی شراکت داری، امن اور سلامتی کے 3 ستونوں پر قائم ہے جبکہ ایشیا میں علاقائی تعاون کیلئے 5 اقدامات اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا میں علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے تو 5 اقدامات پر زور دینا ہوگا جن میں مستحکم ترقی، غربت کا خاتمہ، عالمی برادری سے رابطوں، عالمی مالیاتی اداروں سے قرض میں ریلیف حاصل کرنا اور مالیاتی مسائل پر قابو پانا شامل ہے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اوغلو کی دعوت پر انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئے۔

ترک ہوائی اڈے پر2 روز قبل وزیرِ خارجہ کا استقبال ڈپٹی گورنر جنگیز جان ترک، ترکی میں پاکستان کے سفیر سائیرس قاضی اور ترک وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا اور انہیں ترکی میں خوش آمدید کہا۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئے

Related Posts