سیاسی یتیم مولاناکے ساتھ مل کرمعاشی استحکام کوجام کرناچاہتے ہیں، فردوس عاشق اعوان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

firdous ashiq
سیاسی یتیم مولاناکے ساتھ مل کرمعاشی استحکام کوجام کرناچاہتے ہیں،فردوس عاشق اعوان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیاں پاکستان میں استحکام لا رہی ہیں، اپوزیشن کے سیاسی یتیم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کے سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کاکہناتھا کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے،عالمی بینک، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) سمیت دیگر مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیاں پاکستان میں استحکام لا رہی ہیں، ملک کی برآمدات تقریباً14 فیصد بڑھی ہےجب کہ درآمدات میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی لیکن اپوزیشن کے سیاسی یتیم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کے سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

زیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام سیاسی یتیم مل کر نہ صرف ملکی معیشت کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں بلکہ وزیر اعظم کی عوام و ملک دوست حکمت عملی کو بھی سبوتاژ کرنے کے خواہش مند ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر عناصر اپنی ذات سے جڑا بیانیہ لے کر گھوم رہے ہیں لیکن اگر عوام کے جان و مال کو کوئی خطرہ ہوگا تو ریاست حرکت میں آئے گی اور اپوزیشن کےتمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف شاہی جوڑا یہاں آکرپاکستان کاروشن چہرہ دنیا کو دکھا رہا ہے تو دوسری طرف مولانا فضل الرحمان مسلح جتھے دنیا کو دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب بھارت اشتعال انگیزی کررہا ہے، ایل او سی پر نہتے کشمیریوں پر حملے کررہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کا استحصال کرنے میں مصروف ہے تو دوسری جانب ہمارے نادان سیاسی رہنما اپنے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اگلے تین سے چار ماہ پاکستانی معیشت اور پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ہمارے سیاسی رہنماؤں کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے۔
ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی طیارے گرا کر اپنی صلاحیت منوا چکا ہے اس لیے بھارت کو پاکستان کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کا اندازہ ہے۔

Related Posts