پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں الخدمت کو غزہ کیلئے 50 لاکھ روپے کا عطیہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پی ایس ایل 9 کی اختتامی تقریب میں 6 ماہ سے اسرائیل کی بدترین جارحیت کا شکار اہل غزہ کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کو 50 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔

امدادی رقم کا چیک پاکستان سُپر لیگ سیزن 9 کی اختتامی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے حوالے کیا گیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نے 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا چیک پی ایس ایل کی اسپانسر پینٹ کمپنی برائٹو کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ خواجہ زین اعجاز سکہ کے ہاتھوں وصول کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والا سیزن پی ایس ایل کی ایک اسپانسر کمپنی کے ایف سی کی وجہ سے بائیکاٹ مہم کی زد پر رہا۔ بین الاقوامی برانڈ چین کے ایف سی کو مبینہ طور پر اسرائیل کے ساتھ تعلق کی بنا پر عالمی سطح پر اس کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل کے سیزن 9 میں کے ایف سی کی شمولیت سے شائقین کرکٹ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے پس منظر میں سخت نالاں نظر آئے اور سوشل میڈیا پر آخر تک پی ایس ایل کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی۔
تاہم جہاں کے ایف سی جیسی مبینہ طور پر پرو اسرائیل کمپنی پی ایس ایل کی اسپانسر لسٹ میں شامل رہی، وہاں برائٹو پینٹ کمپنی نے بھی پی ایس ایل کو اسپانسر کیا، جس کی جانب سے میچ کے دوران اسکور کئے گئے ہر پچاس رنز پر غزہ کیلئے پچاس ہزار روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اسی برائٹو کمپنی کی جانب سے ایونٹ کی اختتامی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کو غزہ میں ریلیف ورک کیلئے 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا چیک دیا گیا ہے۔
برائٹو کمپنی کے اس عمل کو صارفین اور شائقین کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ برائٹو کمپنی نے اپنے اس عمل کے ذریعے کے ایف سی کی اسپانسر شپ کا داغ کسی حد تک دھونے کی اچھی کوشش کی ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے دوران اسٹیڈیم میں فلسطینی پرچم لہرانے پر غیر رسمی پابندی کی وجہ سے جہاں عوام میں غم و غصہ پایا جا رہا تھا، وہاں پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کی جانب سے فلسطینی پرچم اٹھا کر گراؤنڈ کا چکر لگانے کو عوامی سطح پر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

Related Posts