جعلی ویزوں کی مد میں لوگوں سے کروڑوں روپے بٹورنے والے ملزم کو متاثرین نے دھرلیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی: جعلی ویزوں کے ذریعے لوگوں سے کروڑوں روپے بٹورنے والے شخص کو متاثرین نے دھرلیا۔ مبینہ ملزم عبدالرزاق سادہ لوح لوگوں کو حرمین شریفین کے خدمتگار کے ویزے دینے کا جھانسہ دے کر پیسے وصول کرتا ہے۔

ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلروں کا پورا ایک گروہ ہے جنہوں نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔ سب سے پہلے گاہک کو میڈیکل ٹیسٹ کیلئے چاندنی چوک راولپنڈی بلاتے ہیں جہاں پر یہ 2 لیبارٹریوں کے ساتھ منسلک ہیں، میڈیکل کی مد میں فی کس گاہک سے 9 ہزار سے 13 ہزار روپے وصول کیئے جاتے ہیں۔

 

لیبارٹری میں کسی قسم کا کوئی ٹیسٹ نہیں کیا جاتا اور سیمپل لینے کے بعد خون واش روم میں ضائع کر دیا جاتا ہے اور جعلی اور بے بنیاد میڈیکل رپورٹ گاہک کو تھمادی جاتی ہے۔

متاثرین نے بتایا کہ 20 گاہکوں میں سے ملزمان 2 گاہکوں کے پاسپورٹ وصول کر لیتے ہیں تاکہ باقی 18 گاہکوں کو تسلی دی جاسکے کہ سب کچھ قانون کے مطابق ہورہاہے اور جلد ہی ان کے پاسپورٹ بھی ویزہ کیلئے وصول کرلئے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ویزہ کی مد میں 50 سے 80 ہزار روپے فی کس وصول کر لئے جاتے ہیں۔ اس سارے پراسیس کے دوران گاہکوں کو مطمئن کرنے کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ لیتے ہیں اور جعلی ویزہ ای نمبر جاری کر دیتے ہیں اور ویزہ کیلئے اصلی پاسپورٹ وصول کر لیتے ہیں۔

متاثرین نے بتایا کہ پاسپورٹ لینے کے بعد ایجنٹ اپنے گاہکوں کو بلیک میل کرنا شروع کردیتے ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے پیسے بٹورتے رہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گینگ میں متعدد لوگ شامل ہیں جو اپنانام، موبائل نمبر اور علاقہ تبدیل کرکے کام کرتے ہیں اور سادہ لوح لوگوں سے حرمین الشریفین کے خادم کے ویزہ کے نام پر لاکھوں روپے لوٹتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس گروپ میں حاجی شبیر ساکن فیصل آباد، عبدالرزاق ولد مریدحسین، محمد یوسف، آصف، عباس اور عثمان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ راولپنڈی کی علاقہ چاندنی چوک میں موجود 2 لیبارٹریوں تاج لیبارٹری اورپاکستان لیبارٹریوں کی مالکان مہوش اور شکیلہ تاج، عبدالرزاق ولد غلام حسین عرف دل نواز شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروہ اب تک کروڑوں روپے لوگوں سے ہتھیا چکے ہیں۔

Related Posts