بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز برابر کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور :بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔مہمان ٹیم کی فرگانہ حق اور مرشدہ خاتون کے درمیان 82 رنز کی شراکت نے کامیابی میں اہم کر دارادا کیا ،نصف سنچری اسکور کرنے پر فرگانہ حق پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ۔

بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 1وکٹ سے شکست دے کر 2میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر ناہیدہ خان کی نصف سنچری کی بدولت 210 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

فرگانہ حق نے نصف سنچری اسکور کی۔اس سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ناہیدہ خان اور جویریہ خان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے میزبان ٹیم کو 58 رنز کا آغاز فراہم کیا، جس کے بعد ناہیدہ خان اور کپتان بسمعہ معروف کے درمیان 47 رنز کی شراکت نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ ناہیدہ خان 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔

مزید پڑھیں : پاکستان نے بنگلہ دیش کو ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کردیا

بسمعہ معروف نے34 رنز بنائے۔ عالیہ ریاض نے 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچادیا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 48.4 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے رومانہ احمد نے 3 اور سلمہ خاتون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

211 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں محض 29 رنز پر گرگئیں۔ تیسری وکٹ کے لییفرگانہ حق اور مرشدہ خاتون کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ فرگانہ حق نے 67 اور مرشدہ خاتون نے 44 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی میزبان ٹیم کے اسپنرز نے کم بیک کرتے ہوئے 18 رنز کے وقفے سے بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں گرادیں ۔

تجربہ کار جہاں آرا ءاور ناہیدہ اختر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کوجیت سے ہمکنار کردیا۔

بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے بسمعہ معروف اور سیدہ عروب شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹر فرگانہ حق کو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے فرگانہ حق اور پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان کو پلیئرز آف دی سیریز کے انعامات دئیے گئے۔ سیدہ عروب شاہ نے پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔

Related Posts