کراچی میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت: 77 سالہ مریض جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Two more Coronavirus patients recovered in Sindh

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج کورونا وائرس کا 77 سالہ مریض گزشتہ رات موت کا شکار ہو گیا ہے جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے ذرائع کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص پہلے سے شوگر اور بلڈ پریشر کا بھی مریض تھا۔سندھ کی وزیرِ صحت عذرا فضل پیچوہو نے ایک ویڈیو بیان میں اس ہلاکت کی تصدیق کی۔ 

وزیرِ صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ کورونا کےباعث انتقال کرجانے والے مذکورہ مریض کی عمر 77 سال تھی جن کا کراچی سے تعلق تھا۔

صوبائی وزیرِ صحت نے یہ بھی بتایا کہ انتقال کر جانے والے 77 سالہ کینسر سمیت مختلف امراض کا شکار بھی تھے تاہم ان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

نجی اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق مریض کو تیز بخار اور شدید نزلہ زکام کے باعث اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے بعد ازاں مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کی۔

کراچی کے نجی اسپتال میں اس مریض کی ہلاکت نصف شب کو ہوئی جس کے بعد میت کو رات ایک بجے پُراسرار طور پر نارتھ ناظم آباد میں واقع سخی حسن قبرستان لے جایا گیا۔

مرنے والے کے 2 لواحقین کے علاوہ اسپتال کا عملہ بھی مخصوص لباس میں میت کے ساتھ گیا تھا جس نے میت کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے پر متاثرہ افراد کے کیسز کی تعداد 456 ہو گئی جبکہ  سب سےزیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ کیے گئے۔

صوبۂ سندھ میں حکومت نے تصدیق کی کہ سکھر اور کراچی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 245 ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 456 ہو گئی

Related Posts