اسلام آباد کا 24سالہ نوجوان پشاور میں قتل، پولیس نے3 ملزمان کو گرفتار کرلیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد کا 24سالہ نوجوان پشاور میں قتل، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد کا 24سالہ نوجوان پشاور میں قتل، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد کے 24 سالہ نوجوان کو پشاور میں قتل کردیا گیا، پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے تشویشناک انکشافات کیے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ لوہی بھیر کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز فور سے گاڑی سمیت اغواء کرکے پشاور لے جانے والے ملزمان نے 24 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کردیا۔ پشاور پولیس نے تینوں قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے آلۂ قتل اور مقتول سے چھینی گئی ہنڈا گاڑی بھی برآمد کر لی۔

ایم ایم نیوز کو موصول معلومات کے مطابق غوری ٹاؤن فیز 5 کے رہائشی اور محکمۂ شماریات میں ایل ڈی سی کے طور پر سرکاری ملازم 24 سالہ اسد اللہ منیر پارٹ ٹائم ڈرائیونگ کا کام کرتا تھا اور اِن ڈرائیو ایپ کے ذریعے سیاہ رنگ کی ہنڈا سوک گاڑی چلاتھا تھا جو 9 روز قبل گھر سے گاڑی لے کر ڈرائیونگ کیلئے نکلا۔

رات 11بج کر 30 منٹ پر 3 ملزمان نے بحریہ ٹاؤن فیز 4 سے پشاور جانے کیلئے گاڑی بک کرائی جو پشاور پہنچے تو ڈرائیور کو قتل کردیا اور گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔ اسد اللہ کے لاپتہ ہونے پر ورثاء نے تھانہ لوہی بھیر میں درخواست جمع کرائی جس میں قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس نے 6 ستمبر کو مقدمہ درج کر لیا۔

وقوعے کے دوسرے روز 7 ستمبر کو پولیس کو اطلاع ملی کہ اسد منیر کو پشاور میں گاڑی چھیننے کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔ اس کے ایک ہفتے بعد 12 ستمبر کو مچنی گیٹ پشاور پولیس نے واقعے میں ملوث تینوں ملزمان قمر، قاری عرف ذبیح اللہ اور آصف کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی گاڑی اور آلۂ قتل بھی برآمد ہوا۔

گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق افغانستان جبکہ دو کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسد اللہ کے ساتھ ساتھ گزشتہ برس پشاور میں اداکارہ صبا گل کو بھی قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس نے چھینی گئی گاڑی وصول کرنے والا ملزم بھی گرفتار کر لیا۔ مقتول 24 سالہ نوجوان اسد اللہ اپنی بیوہ ماں کا اکلوتا بیٹا تھا۔ واقعے میں گرفتار ہونے والے 3 ملزمان نے اسلام آباد کے پارٹ ٹائم نوجوان ڈرائیور اور سرکاری ملازم سے نہ صرف گاڑی چھینی بلکہ اسے ناحق قتل بھی کیا۔ ملزمان تاحال پشاور پولیس کی حراست میں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: ٹارگٹ کلر نے پولیس کے چھاپوں سے تنگ آکرخودکشی کر لی

Related Posts