عالمی بینک اور سندھ حکومت کا 145 ملین ڈالر کے کورونا رسپانس پروگرام پر اتفاق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عالمی بینک اور سندھ حکومت کا 145 ملین ڈالر کے کورونا رسپانس پروگرام پر اتفاق
عالمی بینک اور سندھ حکومت کا 145 ملین ڈالر کے کورونا رسپانس پروگرام پر اتفاق

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  عالمی بینک اور سندھ حکومت نے صوبے میں 145 ملین ڈالر کے سندھ کورونا رسپانس پروگرام اور ٹڈی دل کنٹرول پروجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیتھا میتھو الانگوان کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی سے شریک ہوئے جبکہ ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نےٹیم کے ہمراہ اسلام آباد آفس سے حصہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گزدر، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری توانائی مصدق خان ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور سیکرٹری سرمایہ کاری نجم شاہ نے کی۔

اجلاس کے آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت عالمی بینک کی تکنیکی اور مالی مدد سے کوویڈ 19 کے امپیکٹ پروگرام کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ وسائل کے درست استعمال کیلئے فنڈز کی تنظیم نو، دوبارہ تشکیل اور ورلڈ بینک پورٹ فولیو کو بحال کرنے کی ضرورت ہوگی۔

دورانِ اجلاس وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ عالمی بینک کی ٹیم اثرات کی نگرانی کے نظام کی اعلیٰ فریکوئنسی پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ حکومت کو فیصلے کرنے میں مدد دی جاسکے۔ کراچی کیلئے مخصوص مانیٹرنگ سسٹم تیار ہو رہا ہےلیکن ہم اسے پورے صوبے کی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔ 

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ حکومت تمام عوامی مقامات ، بس اسٹینڈز، اسٹاپس ، دفاتر ، سڑکوں اور شہری علاقوں کی مناسب صفائی ، نالیوں اور نالوں کی صفائی، کچرا منتقلی اسٹیشنوں کا قیام اور لینڈ فل سائٹس کا قیام عمل میں لاچکی ہے۔ 

ورلڈ بینک کے چیف نے اس تجویز کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اسکے مختلف منصوبوں کے 135 ملین ڈالرز کے فنڈز استعمال کرسکتی ہے جب تک کہ منصوبے کی متعلقہ فورمز سے باضابطہ طور پر منظوری ہو۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے جاری بحران نے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ہم یومیہ اجرت والوں کو مالی امداد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ 

عالمی بینک نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور ایک علیحدہ پروگرام کے ذریعے یومیہ اجرت والوں کی بحالی کیلئے حکومت سندھ کی حمایت کریں گے اور اسے کورونا رسپانس پروگرام کا ایک حصہ بنایا جائے گا۔

ٹڈی دل حملوں کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  کورونا وائرس کے بعد کھڑی فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کا ایک اور خطرہ سامنے آیا ہے۔ ٹڈی دل نے پہلے ہی صوبے کی فصل کے ایک تہائی حصے کو نقصان پہنچایا ہے۔

بعد ازاں  ورلڈ بینک نے لوکس کنٹرول پروگرام کیلئے 10 ملین ڈالرز کی منظوری دی اور سندھ حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ سندھ ایگریکلچر گروتھ پروجیکٹ کے فنڈز لے کر ٹڈی دل پر قابو پانے کا پروگرام شروع کریں۔ ورلڈ بینک زراعت کے فروغ کے منصوبوں کیلئے مزید فنڈز کا بندوبست کرے گا۔

اجلاس میں ورلڈ بینک پورٹ فولیو پر پابندی ، دوبارہ تخلیق اور انکو دوبارہ استعمال کرنے کی راہ ہموار کرنے کیلئے ورلڈ بینک اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی ایک ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اس دوران قابلِ تجدید توانائی منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ 

عالمی بینک سولر اور ونڈ پاور سے چلنے والے منصوبوں کو ترقی دینے میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا۔ صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اجلاس کو جاری قابل تجدید منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور ہائبرڈ قابل تجدید توانائی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

Related Posts