کراچی، این اے 245 سے ضمنی انتخاب جیتنے والے محمود مولوی کون ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، این اے 245 سے ضمنی انتخاب جیتنے والے محمود مولوی کون ہیں؟
کراچی، این اے 245 سے ضمنی انتخاب جیتنے والے محمود مولوی کون ہیں؟

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

گزشتہ شب این اے 245 پر ضمنی انتخاب کے نتائج کے مطابق تحریکِ انصاف کے محمود باقی مولوی نے 29 ہزار 475 ووٹ حاصل کرکے ایم کیو ایم (پاکستان) کے امیدوار معید انور کو شکست دے دی جو 13 ہزار 193 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

قبل ازیں محمود مولوی نے عمران خان حکومت کے دوران شعبۂ بحری امور میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی وزارتِ بحری امور میں بطور وفاقی مشیر بھی کام کیا۔ مختلف اخبارات میں ان کی خبروں کے علاوہ کالمز بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔

کراچی کا ضمنی انتخاب

پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر 2018 کے عام انتخابات کے دوران عامر لیاقت حسین حلقہ این اے 245 سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے جو اس سے قبل وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور ٹی وی میزبان کے طور پر فرائض سرانجام دے چکے تھے۔

گزشتہ روز این اے 245 کی پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہی تاہم اس دوران ووٹرز کا ٹرن آؤٹ خاطر خواہ نہیں تھا جس کی وجہ کراچی کے باسیوں کا پولنگ کیلئے روایتی رویہ تھا، تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں کی اپیل پر ہزاروں افراد گھروں سے نکل آئے۔

دھاندلی کی شکایات 

عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد قومی اسمبلی کی نشست خالی ہونے پر 21 اگست کو ضمنی انتخاب منعقد کیا گیا جس کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشنز سے دھاندلی کی شکایات سامنے آئیں۔

اس دوران محمود مولوی کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی قائدین جن میں راجہ اظہر، خرم شیر زمان اور صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی بھی شامل تھے، وقتاً فوقتاً مختلف پولنگ اسٹیشنز کا جائزہ لیتے رہے اور اس دوران سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی ڈالی گئیں۔

راجہ اظہر کا ایک ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کیلئے ووٹ ڈالنے والوں کو آگے نہیں آنے دیا جارہا، اسی قسم کی شکایات بعض دیگر پولنگ اسٹیشنز سے بھی موصول ہوئیں، تاہم تمام تر دھاندلی کے باوجود تحریکِ انصاف نے کامیابی حاصل کی۔ 

بطور معاونِ خصوصی تقرری اور الیکشن 

آج سے ایک سال سے زائد عرصہ قبل 25 مئی 2021 کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں محمود مولوی کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم کا معاونِ خصوصی برائے بحری امور مقرر کیا گیا ہے جس پر عمران خان اور (سابق) وفاقی وزیر علی زیدی کا شکر گزار ہوں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کیلئے محمود مولوی نے طور سینئر نائب صدر (سندھ غربی)، جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی اور دیگر عہدوں پر بھی خدمات سرانجام دیں اور 2018 میں این اے 255 میں الیکشن بھی لڑ چکے ہیں جبکہ انہوں نے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کے مقابلے میں 50 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔ 

 مبارکبادکے پیغامات 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں این اے 245 کراچی میں ضمنی انتخاب میں کامیابی پر محمود مولوی اور پی ٹی آئی کراچی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ربّ العزت کی رضا و عنایت سے ہم اپنی حقیقی آزادی کی تحریک میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نو منتخب رکنِ قومی اسمبلی محمود مولوی کو دیگر شخصیات نے بھی مبارکباد دی۔

چیئرمین پی ایس پی سمیت دیگر شخصیات نے بھی محمود مولوی کو انتخاب جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ سابق میئر کراچی سیّد مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کو این اے 245 کا ضمنی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ 

مستقبل کے چیلنجز

این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں تحریکِ انصاف کی جیت ایک جانب حکمرانوں کیلئے لحۂ فکر ہے تو دوسری جانب پی ٹی آئی کیلئے بھی چیلنجز قبول کرنے کی دعوت سے کم نہیں کیونکہ پی ٹی آئی کو کامیابیوں کا یہ تسلسل برقرار رکھنا ہے۔

آگے آنے والے انتخابات کے دوران اگر تحریکِ انصاف کو متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو شکست دینی ہے تو انتخاب جیت کر رکن منتخب ہونے والوں کو اپنی کارکردگی بھی دکھانی ہوگی۔ 

Related Posts