کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کون ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کامن ویلتھ گیمز میں جیولین تھرو کے عالمی مقابلے میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے 90 میٹر تھرو کا بہترین ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے نتیجے میں وہ 90 کے دائرے میں تھرو کرنے والے جنوبی ایشیاء کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

دسمبر ماضی میں بھی ارشد ندیم مختلف ایونٹس میں حصہ لے کر اپنے وطن کا نام روشن کرچکے ہیں تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ارشد ندیم نے پاکستان کے مقبول ترین کھیل کرکٹ کو چھوڑ کر جیولین تھرو کو کیوں اپنایا۔ آئیے تمام تر حقائق پر نظر ڈالتے ہیں۔

کھیل کے میدان میں کارکردگی

صوبائی سطح پر کرکٹ کھیل کر چھوڑ دینے والے ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ مجھے کرکٹ چھوڑنے کا کوئی افسوس نہیں۔ میرے بڑے بھائی کرکٹ، دوسرے بھائی فٹ بال کے کھلاڑی رہے تاہم میرا فیصلہ تھا کہ میں جیولین تھرو کو اپناؤں۔

ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے کامیابی دی۔ ماضی میں ارشد ندیم نے 86.38 میٹر کی تھروکی تھی جو انہوں نے اپریل 2020 میں ایران میں امام رضا کپ میں سونے کا تمغہ لینے کیلئے کی۔

دسمبر 2019 میں ارشد ندیم نے ساؤتھ ایشین گیمز میں اولمپکس کیلئے براہِ راست کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ یہ اعزاز ارشد ندیم کے علاوہ چند ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو حاصل ہوا تھا۔ 

ذاتی زندگی 

پنجاب کے شہر میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم کی ذاتی زندگی مشکلات کا شکار رہی ہے۔ وہ 2 جنوری 1997 کے روز چک نمبر 101-15 میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے والد راج مستری کا کام کرتے رہے ہیں۔

والد نے ہر قدم پر ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کی اور کیرئیر کے دوران دو کوچز رشید ساقی اور فیاض بخاری نے اہم کردار ادا کیا۔ ارشد ندیم کو چھٹی اور ساتویں جماعت سے ہی کھیلوں کا شوق رہا۔ ابتدا میں وہ کرکٹر بننا چاہتے تھے۔

رفتہ رفتہ ارشد ندیم اپنے اسکول کے بہترین ایتھلیٹ بن گئے۔ ان کے کوچ رشید ساقی کا کہنا ہے کہ مجھے یاد ہے کہ ایک روز ارشد ندیم کے والد نے کہا تھا کہ ارشد ندیم کو آپ کے حوالے کرتا ہوں۔ اب سے یہ آپ کا بیٹا ہوگا۔

رشید ساقی نے کہا کہ میں نے ارشد ندیم کی تربیت کی ذمہ داری لے لی اور پنجاب کے مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے بھیجا اور ارشد ندیم نے پنجاب یوتھ فیسٹیول اور دیگر صوبائی مقابلوں میں کامیابیاں اپنے نام کیں۔

کوچ رشید ساقی کے بیان کے مطابق ارشد ندیم نے ڈسکس تھرو، شاٹ پٹ اور دیگر ایونٹس میں بھی حصہ لیا تاہم میں نے ان کی بلند قامت دیکھتے ہوئے انہیں جیولین تھرو کیلئے تیار کر لیا۔ ارشد ندیم واپڈا کے ٹرائلز میں سیلیکٹ ہوگئے تھے۔ 

ارشد ندیم کا حالیہ بیان

نیزے بازی کے فائنل مقابلے میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کا 75واں یومِ آزادی گولڈ میڈل کے ہمراہ منائیں گے۔ ایونٹ میں مجھے پہلی بار گولڈ میڈل سے نوازا گیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بھی ریکارڈ قائم ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ انسان کو وہی ملتا ہے جو اس کی قسمت میں ہوتا ہے۔ اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔ خوشی ہے کہ جشنِ آزادی گولڈ میڈلز کے ساتھ ہوگا۔ 88 میٹر کی تھرو کرنے کے بعد یہ سوچ پیدا ہوئی کہ میں یہ کرسکوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ہمت دی اور میں نے تھرو کی۔ ایونٹ میں بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کی کمی محسوس ہوئی جو میرا اچھا دوست ہے۔ زخمی ہونا کھیل کا حصہ ہے۔ دعا ہے کہ نیرج جلد صحتیاب ہوجائے۔ 

وزیر اعظم، صدر اور آرمی چیف کی مبارکباد

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں قومی ہیرو بھی قرار دیا۔ 

سوشل میڈیا پر تعریفیں 

گزشتہ شب سے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ارشد ندیم کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کردئیے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، ن لیگ کی رکنِ اسمبلی حنا پرویز بٹ، چیئرمین سینیٹ اور دیگر مشہور شخصیات نے ارشد ندیم کی تعریف کی ہے۔

مشہور شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی ارشد ندیم کی تعریف کی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے سرجری نہیں کروائی تاکہ وہ اپنے ملک کیلئے کچھ کرسکیں۔ وہ تکلیف سے ٹوٹ کر چور ہوچکے تھے، لیکن پھر بھی انہوں نے ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنے کو ترجیح دی۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے بھی ارشد ندیم کی کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ مستقبل قریب میں بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم جیسے پاکستانی ہیرو کا مقابلہ اچھا رہے گا۔ 

https://twitter.com/_slayer_07/status/1556494376003637251

https://twitter.com/IamIqraNasir/status/1556377859941433345

https://twitter.com/historicAB/status/1556384900042919936

 

 

Related Posts