ٹی ایل پی سربراہ کی گرفتاری، ملک بھر میں مظاہرے جاری، 2 افراد جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ٹی ایل پی سربراہ کی گرفتاری، ملک بھر میں مظاہرے جاری، 2 افراد جاں بحق
ٹی ایل پی سربراہ کی گرفتاری، ملک بھر میں مظاہرے جاری، 2 افراد جاں بحق

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں جن کے دوران کم ازکم 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق علامہ خادم رضوی کے صاحبزادے سعد حسین رضوی کی قیادت میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کیلئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا، گزشتہ روز سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ہونے والے مظاہروں میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق سعد حسین رضوی کو گزشتہ روز پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ مولانا خادم رضوی گزشتہ برس نومبر میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد سے سعد رضوی ٹی ایل پی کی قیادت سنبھال رہے تھے۔

سعد رضوی کی گرفتاری کے فوراً بعد سے ہی ٹی ایل پی نے ملک گیر مظاہروں اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دے دی۔ مظاہرین مختلف گلی محلوں اور بڑی شاہراہوں پر پھیل گئے اور متعدد موٹر ویز، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کردیں۔ ریلوے ٹریکس بھی بند کردئیے گئے جس سے ملک بھر میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سمیت ملک بھر میں بد ترین ٹریفک جام دیکھا گیا۔ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کارکنان نے ہائی ویز کو 50 سے زائد مقامات سے بلاک کردیا ہے۔ پنجاب میں قصور اور نارووال سمیت دیگر مقامات پر ریلوے ٹریکس بھی بلاک کیے گئے۔

پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس، واٹر کینن اور ہوائی فائرنگ کا استعمال کیا۔ لاہور اور کراچی میں سڑکیں بلاک کرنے والے ہزاروں مظاہرین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے رینجرز کو طلب کر لیا۔

درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا جو کراچی میں امن و امان خراب کرنے اور دکانیں بند کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ کراچی کے متعدد مقامات پر مظاہروں کے باعث بد ترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔ شہری سڑکوں پر گاڑیوں سمیت پھنس گئے جو رات گئے دیر سے گھر پہنچے۔

قبل ازیں تحریکِ لبیک کے ترجمان نے حکومت کو دھمکی دی تھی کہ اگر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر نہ کیا گیا تو ہم لاہور سے 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ حکومت نے گزشتہ برس نومبر میں ٹی ایل پی سے سفیر کی ملک بدری کا وعدہ کیا اور ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سعد رضوی کی گرفتاری پر کراچی میں دھرنے شروع،شہر میں بدترین ٹریفک جام

Related Posts