سدھارتھ شکلا کا انتقال، 40 سال کی عمر میں اچانک موت کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Sidharth Shukla dies at 40

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بھارتی اداکار اور معروف رئیلٹی شو بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں،بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ سدھارتھ شکلاکو ممبئی کے کوپر اسپتال لایا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کو بتاگیا کہ سدھارتھ شکلاکو صبح 11 بجے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، ابتدائی رپورٹس بتاتی ہیں کہ اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی ۔سدھارتھ شکلا نے والدہ اور دو بہنوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

مداح ابھی بھی ان کی وفات کو سچ ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں لیکن یہ سچ ہے کہ سدھارتھ شکلا اب دنیا میں نہیں رہے، ان کی اچانک وفات کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ 40 سال کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے اور جانبر نہ ہونے کی وجوہات کیا ہوسکتی ہیں۔

سدھارتھ شکلا
سدھارتھ شکلا بھارت کے معروف اداکار ، میزبان اور ماڈل تھے جو ہندی ٹیلی ویژن اور فلموں میں نمودار ہوئے۔ ان کے مداح ان کے آنے والے پروجیکٹس کا انتظار کر رہے تھے جن میں پربھاس کے ساتھ فلم اور ٹی وی شوز شامل بھی ہیں جبکہ سدھارتھ شکلا آنیوالے پروجیکٹس میں جینیفر ونگیٹ ،پنکج ترپاٹھی اور مونیکا ڈوگرہ کے ساتھ کام کررہے تھے۔

سدھارتھ شکلا نے 2008 میں بابل کا آنگن چھوٹے نا، میں مرکزی کردار کے ساتھ اداکاری کا آغاز کیا۔2014 میں ، انہوں نے ہمپٹی شرما کی دلہنیا میں معاون کردار سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ وہ رئیلٹی شوز بگ باس 13 کے فاتح اور پروگرام خطروں کے کھلاڑی میں فاتح قرار پائے تھے۔

پاکستان میں مقبولیت
سدھارتھ شکلا بھارتی ٹی وی شو ’’ بالیکا ودھو ‘‘ میں اپنے کردار کے لیے مشہور تھے لیکن پاکستان میں بگ باس 13 کے فاتح کے طور پر شہرت پائی اور شو میں شہناز گل کے ساتھ ان کی زبردست کیمسٹری کے لیے مداح آج بھی ان کو یاد کرتے ہیں۔

سدھارتھ شکلا کے انتقال کی خبر سن کر جہاں بھارت میں ان کے چاہنے والے صدمے سے دوچار ہیں وہیں پاکستان میں ان کے مداح بھی غمزدہ ہیں اور مداحوں کی طرح سے اظہار افسوس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پاکستان میں بھی ٹرینڈز چل رہے ہیں۔

اچانک انتقال کی ممکنہ وجوہات
بگ باس کے سب سے مشہور فاتحین میں سے ایک سدھارتھ شکلا کو 2 ستمبر کو مبینہ طور پر مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا ۔، ایک سینئر ڈاکٹر نے ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تاہم موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگی۔

ڈاکٹرلیکھا پاٹھک کاکہنا ہے کہ دل کادورہ ان لوگوں میں عام ہوتا ہے جو غیر منظم طرز زندگی یا زیادہ تمباکو نوشی کرتے ہیں۔ ڈاکٹر کاکہنا ہے کہ ہائی اسٹریس لیول بھی اداکار کے ہارٹ اٹیک کا سب سے عام محرک ہوسکتا ہے۔سدھارتھ شکلا نے ایک بار بگ باس شو کے دوران اپنے شریک مدمقابل سے کہا تھا کہ وہ بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرتے تھے لیکن انہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی ہے۔

تمباکو نوشی اور اچانک دل کا دورہ پڑنا
نارائن گڈکر نامی بھارتی ڈاکٹر نے ہندستان ٹائمز کو بتایا کہ تمباکو نوشی واقعی آپ کی جان لے سکتی ہے۔دل کی شریانیں ہموار پینٹ یا کوٹنگ سے ڈھکی ہوتی ہیں جو خون کے جمنے کو روکتی ہیں۔ تمباکو نوشی پینٹ کو ختم کردیتی ہے اور ہموار سطح کھردری ہوجاتی ہے اور جب آپ کو چوٹ لگتی ہے تو خون کے بہاؤ کو روکنے کے لیے خون کا جمنا ضروری ہوتا ہے لیکن جب تمباکو نوشی یا دیگر وجوہات کی وجہ سے پینٹ کوٹنگ کا خاتمہ ہوجاتا ہے تو شریان میں خون کی بے قاعدگی محسوس ہوتی ہے اور اچانک دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

سدھارتھ شکلا کی آخری بات چیت
سدھارتھ شکلا نے انتقال سے پہلے بھارتی ٹی وی اداکار کرن کندرا سے بات کی تھی۔ کرن کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ سدھارتھ شکلا نہیں رہے، ابھی کل ہی تو ہم نے بات کی تھی یقین نہیں کہ میرادوست دنیا سے چلا گیا ہے۔

Related Posts